حکومت پنجاب نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ضلع کی تعمیر وترقی وعوامی ضرورت کے منصوبوں پرعملدرآمد کے لئے 6ارب63کروڑ روپے کے فنڈزکی منظوری دیدی

پیر 20 ستمبر 2021 23:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) حکومت پنجاب نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ضلع کی تعمیر وترقی وعوامی ضرورت کے منصوبوں پرعملدرآمد کے لئے 6۔ارب63کروڑ روپے کے فنڈزکی منظوری دی ہے جو قومی وصوبائی حلقوں میں یکساں تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام (سیپ) IVکے لئے بھی دو ارب 45 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جو ضلع کے قومی حلقوں کی سکیموں پر خرچ ہونگے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے سٹی ایریا کے اجلاس کے دوران بتائی۔ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ضلعی کنوینر/چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی وایم این اے فیض اللہ کموکا کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شیخ خرم شہزاد،رضا نصر اللہ گھمن اور شکیل شاہد کے علاوہ ٹکٹ ہولڈرزڈاکٹر حسن مسعود ملک، محبوب عالم سندھو،عدنان رحمانی، عوامی نمائندے شہباز کسانہ،رانا جاوید اشرف،سجاد حیدرودیگر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پرڈی جی ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) عفیفہ شاجیعہ،ایم ڈی واساجبار انور،اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول،سید ایوب بخاری،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر کلثوم اختر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ناصر چدھڑکے علاوہ فیسکو،سوئی گیس،محکمہ شاہرات، بلڈنگز،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ارکان اسمبلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی پی اور سیپ کے لئے منصوبے تجویز کریں تاکہ ان پروگرامز پر جلد عملدرآمد شروع ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج اور سیپ IV پر عملدرآمد سے ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی تعمیر و ترقی کے امور میں مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جارہاہے۔

اس ضمن میں آئندہ بھی ارکان اسمبلی سے گہرا رابطہ یقینی بنائیں گے تاکہ باہمی مشاورت سے دستیاب وسائل کو احسن اندازمیں بروئے کار لا کر عوامی خدمت کا اعلی ترین معیار قائم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے اور تعمیر و ترقی کے عمل میں ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلیں گے جن کی مشاورت و تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کریں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے شہری ترقی اور عوامی بہبود کے مشن کو آگے بڑھایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنرنے ارکان اسمبلی کی طرف سے نشاندہی کئے گئے بعض محکموں سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے ضلعی محکموں واداروں کے سربراہان کو کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں خود ہر صورت شریک ہونے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج،سیپ IV کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ضلع میں اس وقت مجموعی طور پر 2019 سکیموں پر عملدرآمد جاری ہے جن پر 19۔ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ دستیاب 6۔ارب کو شفاف انداز میں تیز رفتاری سے بروئے کار لایا جارہا ہے۔اجلاس کے دوران ضلعی کنوینر نے اجلاس میں ضلعی محکموں کے ہیڈز کی شرکت پر زوردیتے ہوئے ایم این اے شیخ خرم شہزاد کی نشاندہی پر سٹرکوں کی تعمیراتی شفافیت کو چیک کرانے کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی قائم کی۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ ضلع میں ڈی ڈی پی اورسیپ IV سے عوامی منصوبے مکمل ہونگے۔ انہوں نے دیگرترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد کی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی بھلائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا محور ہے اور مربوط کوششوں سے اس ترقیاتی ایجنڈے کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی پائیدار تکمیل پر زور دیا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ تسلسل برقرار رہنا چاہیے اس سلسلے میں ارکان اسمبلی بھی معاونت جاری رکھیں گے۔انہوں نے بعض ہسپتالوں میں پارکنگ فیس کی اوورچارجنگ، واپڈا ور سوئی گیس کے محکموں سے متعلقہ بعض مسائل کی نشاندہی کی اورسپورٹس،کالجز،ہیلتھ وایجوکیشن کے محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ بھی لی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں