ٹرین کی زد میں آ کر حاملہ خاتون 5 سالہ بیٹے سمیت جاں بحق

گھریلو جھگڑوں پر خاتون کی خودسوزی کی کوشش، میاں بیوی گولیاں لگنے سے لہولہان

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:23

ٹرین کی زد میں آ کر حاملہ خاتون 5 سالہ بیٹے سمیت جاں بحق
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) ٹرین کی زد میں آ کر حاملہ خاتون 5 سالہ بیٹے سمیت جاں بحق، گھریلو جھگڑوں پر خاتون کی خودسوزی کی کوشش، میاں بیوی گولیاں لگنے سے لہولہان، آگ لگنے کے چار واقعات میں لاکھوں کا مال جل گیا۔ تفصیل کے مطابق 7ج ب نلکہ کوہالہ کا رہائشی ندیم احمد ولد شبیر احمد اپنی 8ماہ کی حاملہ بیوی روبینہ بی بی اور 5سالہ بیٹے زین کے ہمراہ 153ر۔

ب بھروکی میں اپنی سالی کو ملنے جارہے تھے کہ پھاٹک بند ہونے پر ندیم اپنی بیوی اور بچے کو اتار کر ریلوے لائن کراس کرنے لگا تو فیصل آباد سے لاہور جانیوالی ایکسپریس ٹرین موقع پرپہنچ گئی ندیم موٹرسائیکل سمیت لائن عبور کر گیا جبکہ اسکے پیچھے آنے والی اسکی اہلیہ اور بیٹا ٹرین کی زد میں آکر کچلے گئے۔

(جاری ہے)

راجہ پارک منان ٹائون میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر شادی شدہ خاتون ساجدہ زوجہ وارث نے مٹی کا تیل ڈال کر خود کو آگ لگا کر خودسوزی کی کوشش کی، ریسکیو ٹیم نے متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔

خاندانی تنازعہ پر 357 گ ب نلیاں والا میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 50 سالہ سرفراز ولد ولی محمد اور اُس کی 40سالہ روضہ بی بی کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں سوساں روڈ فیضان مدینہ کے قریب بجلی کے ٹرانسفارمر سے نکلنے والی چنگاریوں سے ماسٹر مولٹی فوم کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور لاکھوں کا مال جل کر راکھ بن گیا۔

دربار بابا قائم سائیں روڈ پر شارٹ سرکٹ کے باعث پاور لومز میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان جل گیا، فیڈمک میں واقعہ چائنہ فیکٹری کے الیکٹرک کنٹرول روم میں آگ لگ گئی اور لال مل کے قریب محلہ غریب آباد میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے محنت کش کے گھر میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان جل گیا، ریسکیو1122 نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں