زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات مذہبی عقیدت و احترام

قرآن اور سیرت النبیؐ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر افراد کی کردار سازی کرتے ہوئے نہ صرف دنیا میں کامیابی و کامرانی کو سمیٹا جا سکتا ہے بلکہ روزآخرت میں بھی انعامات سے نوازا جائے گا،مقررین

پیر 18 اکتوبر 2021 21:16

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیراعظم کی ہدایت پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام محفل میلاد، قرات اور نعت کے مقابلہ جات، کوئز اور تقاریر کے مقابلہ جات، محفل سماع کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا و طالبات، فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز نے بھی محفل میلاد کا اہتمام کیا۔ کیمپس کو عیدمیلادالنبیؐ کی مناسبت سے خوبصورت برقی قمقموں سے روشن کیا گیا۔ عشرہ رحمت اللعالمینؐ کے تحت اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ قرآن اور سیرت النبیؐ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر افراد کی کردار سازی کرتے ہوئے نہ صرف دنیا میں کامیابی و کامرانی کو سمیٹا جا سکتا ہے بلکہ روزآخرت میں بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات فراہم کرتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلامی روایات و طریقوں سے منور کر کے دنیا کو تاریکیوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے رحمت اللعالمین اتھارٹی کا قیام سنگ میل ثابت ہو گا جو کہ عوام کو اسلامی طرز زندگی سے روشناس کراتے ہوئے دورحاضر میں وقوع پذیر ہونے والی سماجی برائیوں کے خاتمے کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا انسان مختلف عناصر کی وجہ سے دن بدن تاریکیوں میں ڈوبتا جا رہا ہے ان حالات کے پیش نظر اتھارٹی کا قیام ایک درخشاں ستارے کی مانند ہے جو کہ کائنات میں اجالا پھیلاتے ہوئے ترقی کی نئی راہ مرتب کرے گا۔ پرووائس چانسلر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ انسان کو اشرف المخلوقات کے رتبے پر فائز ہونے کے لئے سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف اپنے لئے آسانی پیدا کرے گا بلکہ اس کے اعمال کی بدولت پورے معاشرے میں قابل قدر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

پرنسپل آفیسر سٹوڈنٹ افیئر ڈاکٹر آفتاب واجد نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی عشرہ رحمت اللعالمینؐ کے تحت گزشتہ دس روز سے مختلف پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ طلباء کی کردار سازی سیرت النبیؐ کی روشنی میں کی جا سکے۔ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید نے کہا کہ کامیابی کا راز سیرت النبیؐ میں مضمر ہے جس پر عمل کرتے ہوئے بہترین معاشرے کی تشکیل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سینئر ٹیوٹر آفس طلباء کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ وہ ذمہ دار شہری بنتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اطہر جاوید، ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر نعیمہ نواز، ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر ہارون رشید، ڈاکٹر داؤد نصیر، ڈاکٹر عاصم عقیل، جویریہ بیگ و دیگر بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں