صنعتی امن کیلئے آجر اورآجیر کے درمیان بہتر تعلقات ناگزیر ہیں، عاطف منیر شیخ

-فیصل آباد چیمبر اپنے ممبروں کے مفادات کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے مسائل حل کرانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا،فیصل آباد لیبر فیڈریشن کے وفد سے گفتگو

پیر 18 اکتوبر 2021 21:16

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2021ء) صنعتی امن کیلئے آجر اورآجیر کے درمیان بہتر تعلقات ناگزیر ہیں اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اپنے ممبروں کے مفادات کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے مسائل حل کرانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ نے اسلم وفا کی قیادت میں ملنے والے فیصل آباد لیبر فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ اور نائب صدر رانا فیاض احمد بھی موجود تھے۔ عاطف منیر شیخ نے کہا کہ 20اکتوبر کو دو بجے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان نیازی اور سیکرٹری لیبر لیاقت علی چھٹہ فیصل آباد آرہے ہیں۔ وہ محنت کشوں میں چیک تقسیم کرنے کے علاوہ فیصل آباد چیمبر کا بھی دورہ کریں گے جس میں فیکٹری مالکان اور محنت کشوں کو درپیش مسئلوں کو بھی اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس میٹنگ میں لیبر، سوشل سیکورٹی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے متعلقہ افسران بھی موجود ہوں گے تاکہ ان مسائل کو موقع پر ہی حل کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ متعلقہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بلائیں گے تاکہ انہیں لیبر سے متعلقہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔ صدر فیصل آباد چیمبر نے بتایا کہ لیبر سے متعلقہ ریکارڈ کو آن لائن کیا جا رہا ہے جس سے ورکروں کے بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت انسپکٹرلیس رجیم کو متعارف کرا رہی ہے جس سے ایک بوائلر انسپکٹر کو کئی کئی فیکٹریوں میں کام کرنے سے روکا جا سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بوائلرز کی انسپکشن تھرڈپارٹی کرے گی۔ اس سلسلہ میں حکومت نے مختلف کمپنیوں کو نامزد کرنا ہے جبکہ ہر فیکٹری مالک اس میں سے اپنی پسند کی پارٹی سے بوائلر کی انسپکشن کر اسکے گا۔

یہ تھرڈپارٹی بوائلر کی فٹنس کا سر ٹیفکیٹ جاری کرے گی۔ حکومت کی فیس بینک میں جمع کرائی جائے گی جبکہ تھرڈ پارٹی کو اُن کی فیس بذریعہ کراس چیک دی جائے گی۔ اگر اس سر ٹیفکیٹ کے باوجود کہیں حادثہ ہوگا تو یہ پارٹی ذمہ دار ہو گی۔ کم از کم اجرت کے حوالے سے عاطف منیر شیخ نے کہا کہ 20,000تنخواہ کی ادائیگی ہر فیکٹری مالک کی ذمہ داری ہے۔ بہت سے ادارے پہلے سے ہی اس پر عمل کر رہے ہیں جبکہ وہ بھی اس سلسلہ میں اپنے ممبروں سے کہیں گے کہ وہ اس قانون کی سختی سے پابندی کریں۔

انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات کی وجہ سے بعض اوقات تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہو سکتی ہے لیکن یہ معمول نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ غیر رجسٹرڈ اداروں کو اپنی پوری ورک فورس کو رجسٹر کرانے کا کہیں گے جس سے اُن کے زیادہ تر مسئلے حل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے لیبر یونین کے حوالے سے کہا کہ بعض یونین والے بلاوجہ مالکان کو ہراساں کرتے ہیں جس کی روک تھام کیلئے فیصل آباد چیمبر اور فیصل آباد لیبر فیڈریشن کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ اس موقع پر مزدور راہنما اسلم وفا نے تفصیل سے ورکرز کو درپیش مسائل پیش کئے اور کہاکہ آجر اور آجیر ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں جس کو صنعتی امن اور محنت کشوں کیلئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

فیصل آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments