فیصل آباد:عشرہ شان رحمت العالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم تقریبات کے سلسلہ میں واسا فیصل آباد کے زیر اہتمام پروقار خصوصی تقریب

بدھ 20 اکتوبر 2021 20:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2021ء) عشرہ شان رحمت العالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم تقریبات کے سلسلہ میں واسا فیصل آباد کے زیر اہتمام پروقار خصوصی تقریب ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مینجنگ ڈائریکٹر واسا جبار انور جبکہ مہمان خصوصی معروف ماہر تعلیم پروفیسر ظفر یسین تھے۔واسا کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز عدنان نثار،اکرام اللہ،ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید سمیت دیگر ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور سٹاف نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران مہمان خصوصی پروفیسر ظفر یاسین نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفرادی طور پر ہمیں خود کو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اعمال کی پیروی پر کاربند رکھنا ہے اور اگر یہ کام کرنے میں ہم کامیاب ہو گئے تو کامیابی ہر موڑ پر ہمارے قدم چومے گی۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ سے سیکھنا چاہئے اور اس پر عمل کرنے سے معاشرہ تبدیل ہو گا۔مینجنگ ڈائریکٹر جبار انور چوہدری نے کہا کہ آج کا دن عالم اسلام کیلئے نہایت برکتوں کا حامل ہے کیونکہ آج کے دن صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت باسعادت سے دنیا سے جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور ایک نیا سویرا ہوا جس سے آج تک دنیا فیض یاب ہو رہی ہے۔تقریب کے دوران ثناء خواں حضرات نے حضور اکرم صلی اللہ علی والہ وسلم کے حضور ہدیہ نعت بھی پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور واسا فیصل آباد کی ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں