کشمیر پاکستان کی شہ رگ ،اس کے ایک ایک چپے کی حفاظت کی جائے گی،پاکستانی قوم متحد اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،چیئرمیں قائمہ کمیٹی خزانہ فیض اللہ کموکا

پیر 25 اکتوبر 2021 16:02

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2021ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئرمین فیض اللہ کموکا ایم این اے نے کہا  ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کے ایک ایک چپے کی حفاظت کی جائے گی ،تحریک تکمیل پاکستان و تقسیم برصغیر پاک و ہند کے نا مکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ، مسلمانوں کے خون کا پیاسا مودی وادی میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی نسل کشی کا گھناؤنا کھیل کھیل رہا ہے مگر ہم اس کا مقبوضہ کشمیر کو ہمیشہ کیلئے بھارتی تسلط میں رکھنے اور اٹوٹ انگ بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیں گے ، کل( بدھ کو) پاکستانی قوم بھرپور انداز میں یوم سیاہ مناکر ثابت کرے گی کہ پوری قوم مسئلہ کشمیر پرمکمل متحد اورہمیشہ کی طرح سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران  کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دے گی ، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جسے ہم نہیں سلامتی کونسل کی قراردادیں متنازعہ کہتی ہے، یوم سیاہ منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اس اہم ترین  مسئلے کی جانب عالم اقوام کی توجہ مبذول کرواکر اس کا حل یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے مسلمانوں کا قتل عام کررہی ہے اور بھارت سے ہزاروں کی تعداد میں آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بسایا جارہا ہے جبکہ ان غنڈوں کو ہر طرح کا اسلحہ د ے کر فوجی بیرکوں میں رکھا گیا ہے ،حالات بتا رہے ہیں کہ مسلمانوں کے خون کا پیاسا مودی وادی میں بڑے پیمانے پرایڈ ونچر کی کوشش میں ہے مگر ہم اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب عالم اقوام اور عالم اسلام کو بھی بیدار ہونا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سطح پر آواز بلند کرکے تنازعہ کشمیر کو نئی جہت دی ہے جس کے باعث دنیا مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ ہورہی ہے، انشا اللہ اب وہ  دن دور نہیں جب مسئلہ کشمیرجلد حل ہوکر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ بھارت کے چہرے پر بدنما داغ ہے اوربھارتی فوج نے کشمیری عوام کو آزادی کے اپنے پیدائشی حق سے باز رکھنے کیلئے ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اوراللہ کے فضل و کرم سے انشا اللہ کشمیر جلد ہی آزاد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں