سرکاری ملازمین گزشتہ3 سال سے سڑکوں پر سینہ کوبی کر رہے ہیں: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن

بدھ 1 دسمبر 2021 19:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2021ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین گزشتہ3 سال سے سڑکوں پر سینہ کوبی کر رہے ہیں،پیٹ پر روٹیاں باندھ کر ہائے مہنگائی، ہائے مہنگائی، مار گئی مہنگائی کے نعرے بلند کر رہے ہیں۔گزشتہ حکومتوں کی لوٹ مار کا رونا رو کر عوام کو نئے پاکستان کا تحفہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

2018ء کے الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان سے توقعات وابستہ کرنے والے بھی اب مایوسی کا شکار ہیں، سرکاری ملازمین اور تمام عوام اب وزیراعظم کی طرف سے مہنگائی کا نوٹس لینے سے بھی خوف محسوس کرنے لگے ہیں، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدرچوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں ،جنرل سیکرٹری چوہدری شہبازچٹھہ چیئرمین یاسرخورشیدرانا،سرپرست امجدحسین رندھاوا،سینئرنائب صدرو میاں مقصوداحمد،صداقت علی بلوچ،محمدعرفان نے کہا کہ تین سال میں وزیراعظم نے ایک درجن دفعہ مہنگائی کا اعتراف کیا اور سخت اقدامات کا اعلان کیا،چیزوں کی قیمتیں کم ہونے کی بجائے آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پہلی دفعہ تاریخ میں پیاز، آلو، دالیں، ادرک، دھنیا، ٹماٹر عوام کی (پہنچ) سے باہر ہوئی ہیں۔چوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے، اس نے تین سال سے سڑکوں پر احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین، لیڈی ہیلتھ ورکر، کلرکس، اساتذہ اور پنشنرز، صحافی حضرات کو تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کا حوصلہ بھی نہیں دیا، ملک بھر میں کوئی ترقیاتی کام بھی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ استاد رو رہا ہے، سرکاری ملازم رو رہا ہے، کلرک رو رہا ہے،صحافی رو رہا ہے، بے روزگاری، مہنگائی، سرکاری اور پرائیویٹ ملازمین کی حالتِ زار شامل نہیں ہے۔وزیراعظم عمران خان کے ایماندار ہونے کا فائدہ اب تک عوام کو نہیں ہوا۔سروے رپورٹ بتا رہی ہے کرپشن کا تناسب،زنا کاری، قتل و غارت، چوری ڈکیتی کا تناسب بڑھ گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان صاحب آپ نے تو90دن میں پاکستان کا قبلہ درست کرنے اور کرپشن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب تو تیسرا سال شروع ہو گیا ہے، ڈریں اُس وقت سے آپ کو ایک کروڑ84لاکھ ووٹ دینے والے ناراض نہ ہو جائیں،ووٹ دینے والوں کے صدقے کی اہل ِ پاکستان کی ڈوبتی ناؤ کو منزل دینے کے لئے وزیراعظم ہاؤس سے نکلیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں