سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب ثاقب منان کا فیصل آباد کا دورہ

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب ثاقب منان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرکے ریچ ایوری ڈور(ریڈ)کورونا ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلہ کے اہداف اور اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود، سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان کے علاوہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران،تحصیل ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،پرائیویٹ سکولز الائنس کے عہدیداران اور دیگرمحکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب نے کہا کہ انہیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ضلع میں ویکسینیشن مہم فیز ٹوکے اہداف کی بھی مانیٹرنگ کے لئے انچارج مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع بھر میں مہم پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی مہم بڑی اہمیت کی حامل ہے جس کے دوران پہلی ڈوزکے حامل افراد کو دوسری جبکہ فرسٹ ڈوز بھی لگائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 31دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے اہداف کے حصول کے لئے سرتوڑ کوششیں کی جائیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو مہم کامیاب بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے اور شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لئے تشہیر کے تمام تر ذرائع بروئے کار لانے کی تاکید کی۔انہوں نے یو سی ایم اوز کو متحرک کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلہ کی خامیوں کا ازالہ کیا جائے۔

سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب نے کہا کہ مہم کے اختتام تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ خصوصی مہم میں محکمہ صحت کی تقریبا800آؤٹ ریچ اور فکسڈٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور اہداف کے حصول کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے مہم پر عملدرآمد کے دوران درپیش بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی۔سی ای او ہیلتھ نے جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریڈ کورونا ویکسینیشن مہم فیز ون میں 10 لاکھ کے ٹارگٹ کے مقابلہ میں 12 سال سے زائد عمر کے 8 لاکھ سے زائدافراد کو ویکسین لگا کر 79 فیصد ہدف حاصل کیا گیا اورصوبہ بھر میں ضلع کی کارکردگی نمایاں رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈ مہم دوسرے مرحلہ میں 20 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر ہے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران فرسٹ اور سیکنڈ ڈوز لگائی جائے گی جبکہ تعلیمی اداروں پر بھرپور فوکس ہے۔انہوں نے بتایا کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو بوسٹر ڈوز بھی لگائی جارہی ہے۔دورہ کے دوران سیکرٹری آثار قدیمہ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لازمی لگوائیں۔

انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں کوکہا کہ وہ ویکسین لگوا کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو کورونا سے محفوظ بنائیں۔شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم کا دوسرا مرحلہ 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم کورونا سے پاک پاکستان ہے جس کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں