فیصل آباد :انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس

مرکز کے فیصلہ کے علاوہ کسی کے فیصلہ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا:اجلاس میں فیصلہ

بدھ 8 دسمبر 2021 23:02

فیصل آباد(آن لائن) انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ کی زیر صدارت مرکزی دفتر ڈیرہ چوہدری علی اصغر بھولا گجر شہید جھنگ روڈ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میںضلع بھر کے تمام سیکٹرز صدور،جنرل سیکر ٹریز اور ایگزیکٹو ممبران نے ضلعی قیادت صدر چوہدری عبد الرزاق باجوہ، سر پرست اعلیٰ چوہدری اشرف گجر،ڈویژنل صدر حاجی اسلام، چیئر مین حاجی الطاف،جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی، سیکر ٹری فنانس میاں یوسف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مرکز کے فیصلہ کے علاوہ کسی کے فیصلہ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی عہدیداران نے کہا کہ فیصل آباد کے تمام بھٹہ مالکان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اورمرکزی یونین مالکان کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ بھٹہ مالکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ پیٹرولیم مصنوعات اور کوئلہ کی قیمتوں میں اضافہ نے بھٹہ سیکٹر کو شدید متاثر کیا ہے ،اخراجات اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ مالکان اپنی لیبر کو تنخواہیں دینے سے بھی قاصر ہیں ۔

وزیر اعظم عمران خان سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ کوئلہ کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں ورنہ آئندہ ہفتے کے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں ضلع بھر کے تمام بھٹے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کی کال دیں گے ۔بھٹہ مالکان کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے کوئلہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں حکومت کو بار بار مطالبہ کر چکے ہیں مگر ان کی شنوائی نہیں ہو رہی اگر سات دنوں تک ان کے مسائل حل نہ کئے گئے تو مرحلہ وار احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔محمد امین باجوہ، چوہدری نواز سرویا، حافظ اکرم، رانا رشید ،نواز ماجھا،ثاقب باجوہ،میاں زاہد، رانا آصف ،رانا روئف،کلیم رندھاوا،چوہدری عبدالرحمن اور دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں