فیصل آباد، نئے کنکشنز اور خراب میٹروں کی تبدیلی کیلئے اب تک 25 ہزار سے زائد نئے میٹر پانچوں سرکلز کو جاری کردیئے

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) نئے کنکشنز اور خراب میٹروں کی تبدیلی کیلئے اب تک 25 ہزار سے زائد نئے میٹر پانچوں سرکلز کو جاری کردیئے گئے ہیں جن کی تنصیب جاری ہے اس ماہ کے آخر تک 80ہزار میٹرز موصول ہو جائیں گے جبکہ صنعتی اور کمرشل کنکشنز کیلئے ٹرانسفارمرز بھی فیسکو سٹورز میں دستیاب ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر لگایا جا رہا ہے صارفین کی شکایات کے ازالے میں کوتاہی کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ آن لائن کچہری کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری حل اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومتی ویژن کی روشنی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد صارفین بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے ۔ انھوں نے فیسکو افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ صارفین بجلی کے مسائل کو فوری طور پر نمٹایا جائے تاکہ فیسکو کا امیج ایک صارف دوست کمپنی کے طور پر ابھرے۔

انھوں نے بتایا کہ سسٹم کی بہتری اور نئے گرڈز کی تعمیرکیلئے فیسکوبورڈ آف ڈائریکٹرز نے 6ارب سے زائد کا برقی ترقیاتی میٹریل خریداری کی منظوری دی تھی جوقواعدو ضوابط کے مطابق خریداری کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعدا ب فیسکو سٹورز کو مل رہا ہے ۔ انھوں نے صارفین بجلی سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کی سرکوبی کیلئے تعاون کریں تاکہ فیسکو سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے اورصارفین بجلی کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ سیل کے علاوہ 118،ٹال فری نمبر 0800-66554صارفین بجلی کی شکایات کے ازالے کیلئے ہمہ وقت کام کررہے ہیں ۔دریں اثناء آن لائن کچہری کے دوران فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،جھنگ ،سرگودھا،میانوالی ، خوشاب اور بھکر کے تقریباً48سے زائدصارفین نے فیسکو چیف کو مختلف نوعیت کے مسائل جن میں ٹرانسفارمر ز کی اوورلوڈنگ ،کھمبوں کی تبدیلی،میٹر تبدیلی ،نئے کنکشنز کے اجراء وولٹیج کی کمی بیشی سے آگاہ کیا جسے سن کر انہوں نے موقع پر ہی ان کے ازالے کے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے فیلڈ سٹاف کو صارفین کی موصول ہونے والی شکایات کوفوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے اور آئندہ24گھنٹوں میں اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں