فیصل آباد، شقی القلب شخص نے گلے میں تار ڈال کر سالی اور اسکی نند کو موت کے گھاٹ اتار دیا

منگل 18 جنوری 2022 17:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) تھانہ منصور آباد کے علاقہ عبدالله پور وحید پارک میں گھریلو جھگڑے پر شقی القلب شخص نے گلے میں تار ڈال کر سالی اور اسکی نند کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ سالی کے بیٹے نے مزاحمت کرتے ہوئے بھاگ کر جان بچائی، شور مچانے پر اہل محلہ نے دوہرے قتل کے مرتکب قاتل شعیب کو پکڑ کر حوالہ پولیس کر دیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انوسٹی گیشن، ایس ایچ او سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، آر پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی، پولیس نے پکڑے جانیوالے قاتل سے اصل حقائق جاننے کیلئے بازپرس شروع کر دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ منصورآباد کے علاقہ عبدالله پور وحید پارک گلی نمبر28 کے رہائشی محمد حسن کے گھر مانانوالہ سے آنیوالے رکشہ ڈرائیور شعیب ولد آفتاب نے گھریلو جھگڑے پر اپنی سالی 19 سالہ خدیجہ فاطمہ زوجہ حسین اور اسکی 11 سالہ نند زینب فاطمہ دختر عارف مرزا کو گلے میں موبائل چارجر کی تار ڈال کر ابدی نیند سلا دیا، اسی دوران سکول سے چھٹی کر کے آنیوالا ہم زلف کے بھائی کا 14 سالہ بیٹا فیضان ولد عابد مرزا گھر داخل ہوا تو ملزم شعیب نے اسکو بھی پکڑ کر گلے میں تار ڈال کر مارنا چاہا تو لڑکے نے مزاحمت کرتے ہوئے شور مچا کر گھر سے باہر آ کر شور مچایا تو اہل محلہ اکٹھے ہو گئے انہوں نے دوہرے قتل کے مرتکب قاتل کو پکڑ لیا اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پکڑے جانیوالے قاتل کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کر دی، ایس پی انوسٹی گیش محمد اجمل، ایس ایچ او تھانہ منصور آباد سب انسپکٹر محسن منیر بسرا، تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر امیر علی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو1122 ٹیم نے زخمی طالب علم فیضان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا جبکہ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

(جاری ہے)

نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور خالہ بھانجی کے قتل پر عبدالله پور کی فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، منصورآباد پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے اصل حقائق جاننے کیلئے قاتل سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں