فیصل آباد، پٹواریوں کی زیر نگرانی کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر کھاد سیل پوائنٹ قائم کر دیئے گئے

ہفتہ 22 جنوری 2022 23:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2022ء) پٹواریوں کی زیر نگرانی کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر کھاد سیل پوائنٹ قائم کر دیئے گئے ، اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی پر تین دکانوں کو سیل اور دو دکانداروں کو گرفتار اور ان کے خلاف مقدمات درج کرادیئے آن لائن کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات پر کاشتکاروں کو گراس روٹ لیول پر کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر کھاد کی سپلائی کا میکنزم وضع کیا گیا ہے جس کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 158 سیل پوائنٹس پر کھادڈیلرز کو کھاد سپلائی اور پٹواریوں کی زیر نگرانی کھاد کی شفاف فروخت کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ تحصیل صدر میں یونین کونسل سطح پر 56،سٹی میں 11،جڑانوالہ میں 25،سمندری میں 28،تاندلیانوالہ میں 25 اور تحصیل چک جھمرہ میں 13 سیل پوائنٹس قائم کئے جارہے ہیں جہاں کسانوں کو کھاد کی دستیابی ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ضلع میں کھاد کی کوئی قلت نہ ہے اور کاشتکاروں کی سہولت کے لئے یونین کونسل سطح پر کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے پلان وضع کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیںاسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ نعمان علی نے اطلاع ملنے پر گڑھ فتح شاہ میں دکانوں پر کھادکی قیمت کو چیک کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی پر ایکشن لیا۔انہوں نے کھادکی دکانوں پر فروخت کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور ذخیرہ کیا گیا سٹاک قبضہ میں لیکر ذخیرہ اندوزی پر تین دکانوں کو سیل اور دو دکانداروں کو گرفتار اور ان کے خلاف مقدمات درج کرادیئے اورمقررہ نرخ 1768روپے کے حساب سے فروخت کرادی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں