تحصیل سٹی فیصل آباد میں دیہی مرکز مال برائے خواتین قائم کر دیا گیا

جمعرات 19 مئی 2022 21:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) تحصیل سٹی میں دیہی مرکز مال برائے خواتین قائم کردیاگیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے فیتہ کاٹ اور تختی کی نقاب کشائی کرکے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین،اسسٹنٹ کمشنرسٹی وصدر صاحبزادہ محمد یوسف،محمد عمر مقبول اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔خواتین دیہی مرکز مال میں خاتون پٹواری کوڈیوٹی سونپی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مرکز کا دورہ کرکے خواتین کومحکمہ مال سے متعلقہ فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا اورڈیوٹی پرموجود خاتون پٹواری سے کہا کہ مرکز سے رجوع کرنے والی خواتین کو تیز رفتار سروسز فراہم کی جائیں اور ان کی عزت واحترام میں کمی نہیں آنی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تحصیل سٹی سے متعلقہ خواتین مرکز سے فردکے حصول،انتقالات کے اندراج اور زمینوں کے دیگر امور کیلئے رابطہ کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین دیہی مرکز مال قائم کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ جڑانوالہ میں بھی خواتین دیہی مرکز مال کام کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں دیہی مراکز مال کام کررہے ہیں اور خواتین پٹواری بھرتی ہونے کے بعد خواتین کیلئے الگ دیہی مراکز مال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس پر عملدرآمد شروع اورخواتین کو باعزت طریقے سے محکمہ مال کی سروسز فراہم کرنا ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ جدت،خدمات اور عزت کو ملحوظ خاطر رکھا جارہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے دیہی مرکز مال برائے خواتین کے قیام کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیااورافتتاح کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں