تمام متعلقہ بینکوں کو فیصل آباد حاجی کیمپ میں عازمین حج کی سہولت کیلئے فوری طور پر اپنی شاخیں قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی

جمعہ 20 مئی 2022 15:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) تمام متعلقہ بینکوں کوکوآپریٹو کالج سرگودھا روڈفیصل آباد میں قائم کئے جانے والے حاجی کیمپ میں عازمین حج کی سہولت کیلئے فوری طور پر اپنی شاخیں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پری حج آپریشن کے ضمن میں حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے نیز متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی عازمین حج کیلئے انتظامات مثالی ہونے چاہئیں اور حاجی کیمپ میں بجلی کی مسلسل سپلائی کیلئے سٹینڈ بائی جنریٹرز کا بندوبست بھی رکھا جا ئے تا کہ بجلی جانے یا کسی فنی خرابی کی صورت میں انہیں کوئی پریشانی نہ اٹھا نا پڑے۔

ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھرنے انتظامی حکام کے ہمراہ حج انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،ایجوکیشن،سول ڈیفنس،ریسکیو 1122،میٹروپولیٹن کارپوریشن،ضلع کونسل،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،واسا،پارکنگ کمپنی،ایئرپورٹ،ایف آئی اے،کسٹم،سوئی گیس،فیسکو،پی ٹی سی ایل،پنجاب پولیس،ٹریفک پولیس،سپیشل برانچ کے حکام حاجی کیمپ میں تمام تر سکیورٹی آلات کی موجودگی،پولیس فورس کی تعیناتی،شہری دفاع کے رضاکاروں سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کی چوکس انداز میں ڈیوٹی کیلئے تمام تر انتظامات شروع کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حاجی کیمپ میں صفائی ستھرائی،پارکنگ،سٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حاجی کیمپ میں عازمین حج کی دیکھ بھال اور آرام کا خصوصی خیال رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے۔ڈائریکٹر حج نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی عازمین حج کیلئے انتظامات مثالی ہونے چاہئیں تاکہ وہ پرسکون ماحول میں اپنا مقدس فریضہ سرانجام دے سکیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں