فیصل آباد انتظامیہ کی مختلف کاروائیاں و اقدامات جاری، اوورچارجنگ پر 53گرانفروشوں کوبھاری جرمانے، 8پیشہ ورگداگرپکڑے گئے

منگل 24 مئی 2022 21:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) فیصل آباد انتظامیہ کی مختلف کاروائیاں و اقدامات منگل کو بھی جاری رہے۔ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے اوورچارجنگ پر 53گرانفروشوں کو 83 ہزارروپے جرمانہ کیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں مختلف اوقات کے دوران آٹا،چینی،چکن،پھل وسبزیوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو چیک کرنے کیلئے792انسپکشنز کیں اوراشیا مقررہ نرخوں سے زائدقیمت پر فروخت کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے کی پاداش میں موقع پر ہی ایکشن لیا۔

دریں اثنامحکمہ سماجی بہبود کے اینٹی بیگری سکواڈنے منگل کو آپریشن کرکے شاہرات سے 8پیشہ ورگداگروں کو تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

سکوارڈ نے ملت چوک، اسٹیشن چوک،چناب چوک جھنگ روڈ،الائیڈ ہسپتال چوک،جامعہ چشتیہ چوک،چناب کلب چوک،بلال چوک،گیٹ چوک ستیانہ روڈاوردیگرمقامات پر کارروائی کرکے عادی وپیشہ ور بھکاریوں کو تحویل میں لیا۔علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس وریونیو عابد حسین نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران سے میٹنگ کی اور آئندہ مالی سال کیلئے پارکنگ وصفائی کے ٹھیکہ کے حوالے سے شرائط وضوابط کو طے کیا گیا۔

ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ محمد عثمان،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عامر الیاس،صدر انجمن آڑھتیاں ودیگر بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیووفنانس نے پارکنگ وصفائی کے ٹھیکہ کو شفاف رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں ضروری درکار تقاضے مکمل ہونے چاہئیں۔اجلاس کے دوران ممبران نے بعض امور کی نشاندہی اور تجاویز بھی پیش کیں۔

مزید برآں ضلع میں انسداد پولیومہم پر عملدرآمد کاجائزہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے مائیکروپلان کے مطابق مقررہ اہداف اور حاصل کئے گئے ٹارگٹس کا جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بلال احمد،اسسٹنٹ کمشنرزمحمد عمر مقبول،صاحبزادہ محمد یوسف،ڈی ایچ او ڈاکٹروسیم بھٹی اور دیگر افسران کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان بھی موجودتھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی جاری مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سرتوڑکوششیں کی جائیں اور مائیکرو پلان کے مطابق روزانہ کا ہدف مکمل کریں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے پولیو ٹیموں کو ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں نبھانے کی تاکید کی اور کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی یقینی بنانے اور بچوں کو قطرے پلانے کی اہم ذمہ داری میں غفلت نہ کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم پر عملدرآمد کی اچانک چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور کوتاہی پر متعلقہ ایریا انچارج ذمہ دار ہو گا۔اجلاس کے دوران ڈی ایچ اونے مہم پر عملدرآمد اور مانیٹر نگ کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے مہم کے اعدادوشماراوربعض مسائل سے بھی آگاہ کیا۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول کی زیر صدارت تحصیل بھر کے ریونیو افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ان کے ذمہ اہداف کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ڈیجیٹل گرداوری وجمعبندی،کنڈونیشن فیس اور بورڈ آف ریونیو کے زیر التواء امور کا جائزہ لیتے ہوئے تیز رفتار اقدامات کی تاکیدکی۔انہوں نے تحصیلدار، ریونیو افسران اور گرداورز سے کہا کہ مطلوبہ اہداف کو یقینی بنایا جائے اور کارکردگی رپورٹ سے انہیں مسلسل آگاہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ روزانہ ریویو میٹنگ منعقد کی جارہی ہے اور اہداف حاصل نہ ہونے پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری بقایاجات کی وصولی مہم کو مزید تیز کیا جائے اورمقررہ ہدف کا حصول یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آبیانہ،زرعی انکم ٹیکس سمیت مختلف مدات میں سرکاری وصولیوں کی پراگریس کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہذا ریونیو افسران اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اس ضمن میں کوئی عذر قابل قبول نہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں