ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری کا انعقاد،شہر کے مختلف مقامات پر بیوٹیفیکیشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ

ہفتہ 13 اگست 2022 17:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2022ء) فیصل آباد انتظامیہ کے مختلف اقدامات ہفتہ کو بھی جاری رہے۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے ڈی سی آفس کے استقبالیہ پر کچہری لگاکر عوامی شکایات سنیں اوران کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے شہریوں کے مختلف نوعیت کے مسائل سنے اور کہا کہ درخواست گزاروں کو ان کے مسائل کے حل کی پیشرفت سے آگاہی کیلئے معلومات شکایت اور شکایت سیل بھی فعال ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اور روزانہ صبح ایک گھنٹہ بیٹھنے کا مقصد عوام سے قریبی رابطہ استوار کرنا اور ان کے مسائل کا ازالہ ہے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے ڈی جی پی ایچ اے رائے نعیم اللہ بھٹی کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور بیوٹیفیکیشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہر کے مختلف مقامات پرقومی ہیروز کے پورٹریٹس اور ماڈلز نصب کرنے کے حوالے سے بریفنگ لی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے چوکوں وچوراہوں کی خوبصورتی اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو دلکش اور اچھوتا ماحول نظر آئے۔انہوں نے پی ایچ اے کو پلان پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کی ضرورت پر زوردیا۔علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو مدثر احمد شاہ نے کہا کہ ضلع میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی وحفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرویلنس سرگرمیوں کے خاطر خواہ نتائج نہ دکھانے والے محکمے جوابدے ہونگے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے ڈسڑکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر برائے انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین نے سرویلنس سرگرمیوں اور اینٹی ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے موافق مقامات کا بار بار سروے کریں اور ایسی جگہوں کو خشک اور صاف رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات ہونے چاہئیں۔

انہوں نے ٹائر شاپس، کباڑخانوں، قبرستانوں،نرسریز کو بلا ناغہ چیک کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام محکموں کی اینٹی ڈینگی سرگرمیاں واضح نظر آنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز کی میٹنگ میں متعلقہ محکمے اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور میٹنگ کی کارروائی رپورٹ سے ڈی سی آفس کو آگاہ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی سے بچاؤ ممکن نہیں لہٰذا انہیں ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا احساس دلانے کیلئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔

ا جلاس کے دوران محکموں نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں کارکردگی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا۔دوسری جانب وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاویدنے کہا کہ سیوریج نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر کوششیں جاری رکھی جائیں اور اگرکسی بھی علاقے میں سیوریج کے مسائل ہیں تو انہیں فوری حل کرکے عوامی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے یہ بات واسا افسران سے ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج نظام کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت سے جلد مزیدفنڈز حاصل کئے جائیں گے تاکہ شہر بھر میں سیوریج مسائل کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض علاقوں میں سیوریج کی شکایات موصول ہورہی ہیں انہیں بروقت درست کیا جائے جہاں سیوریج کی لائنیں بندہیں انہیں فوری طور پر مشینری کے ذریعے کلیئرکیا جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

مزید برآں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کی ہدایت پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شیخوپورہ روڈ پر نشاط آباد پل میں 18دکانوں اور 4 گوداموں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا۔ اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے نشاط آباد پل کی دکانوں اور گوداموں پر ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور آپریشن کیا اور بھاری مشینری کے ذریعے ناجائز تعمیرات کو مسمار کردیا۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیاگیاہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیاجائیگالہٰذا سرکاری املاک پر ناجائز قبضہ و تجاوزات کرنے سے گریز کیاجائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں