ڈینٹل سرجری کی طالبہ اور اسکے بھائی کے اغوا اور جنسی تشدد کا مقدمہ درج، فیصل آباد پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا

منگل 16 اگست 2022 23:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) ڈینٹل سرجری کی طالبہ اور اسکے بھائی کو گھر سے اغواکرکے بااثرملزمان نے تشدد اور تذلیل کرتے ہوئے جنسی درندگی کا نشانہ بنایاجبکہ سی پی اوکی جانب سے شرمناک واقعہ کا فوری نوٹس لینے اور ملزمان کی گرفتاری کے حکم پرپولیس تھانہ وومن نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی ٹاؤن سرگودھا روڈفیصل آباد کی رہائشی بیچلر آف ڈینٹل سرجری(بی ڈی ایس)فائنل ایئر کی طالبہ خدیجہ دختر غفورکی درخواست پر تھانہ وومن پولیس نے سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک کی ہدایات پر مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آرکے مطابق خدیجہ اور اس کے بھائی حسن غفور کو رشتہ سے انکار پر ملزمان شیخ دانش ولد ذوالفقار،انا علی دختر شیخ دانش، فیضان، شعیب، خان محمد اور ماہم ہمراہ 10 نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں زبردستی گھس کر زدوکوب اور اغوا کیاجبکہ اس دوران2 عدد موبائل، نقدی اور زیورات بھی لوٹ لئے گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان طالبہ اور اسکے بھائی کو زبردستی ویگو ڈالوں میں بٹھا کر پیراڈائز ویلی 2 شیخو پورہ روڈفیصل آبادلے گئے جہاں ملزمان نے طالبہ اور اسکے بھائی کوشدید تشدد کا نشانہ بنایا۔بعدازاں شیخ دانش نے خدیجہ کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا اور موبائل سے اسکی فلمبندی بھی کی جس میں دیگر نامزد ملزمان نے اسکا ساتھ دیا۔مذکورہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سی پی او فیصل آباد عمر سعید ملک نے سخت نوٹس لیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ وومن پولیس نے طالبہ خدیجہ کی درخواست پر مقدمہ نمبر22/42 زیر دفعات تعزیرات پاکستان 376، 382، 354،342، 148،149، 337Fi،337Ai، 337Liiاور 337V درج کرکے نامزد ملزمان سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس پارٹی نے جدیدتکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان دانش،ماہم،خان محمد، شعیب، فیضان اور اصغر کو گرفتار کیا جبکہ دیگر دس ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شیخ دانش کی بیٹی انا مدعی طالبہ خدیجہ کی کالج فیلو اور دوست ہے جس کی بنا پر دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا تھا۔

اس دوران انا کا والد مرکزی نامزد ملزم شیخ دانش طالبہ خدیجہ میں دلچسپی لینے لگا اوربیٹی کی عمر کی لڑکی سے شادی کا خواہشمند تھامگر رشتے سے انکار پر ملزمان نے مذکورہ انتہائی قدم اٹھایا۔سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک نے اس سلسلہ میں کہا ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی عزت اور حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں