ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹائون کو اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش سے عالمی سطح کا سٹیڈیم بنائیں گے، ڈویژنل کمشنر

بدھ 14 نومبر 2018 23:52

ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹائون کو اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش سے عالمی سطح کا سٹیڈیم بنائیں گے، ڈویژنل کمشنر
فیصل آباد۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹائون کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کرکے عالمی سطح کا سٹیڈیم بنائیں گے جس کے لئے ضروری اقدامات شروع کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ہاکی کے کھیل کے فروغ سمیت ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹائون کی تزئین و بحالی کے امور کا جائزہ لیا گیا ۔

ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی‘ ہارون الرشید ‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان ‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر ‘ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے چوہدری محمد آصف ‘ واسا ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ سابق اولمپیئن رانا سلیم ناظم ‘ خالد بشیر ‘ رانا خالد و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ہاکی سٹیڈیم کو اصل حالت میں بحال کرنے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اور ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑیوں کی تجاویز کا بھر پور خیر مقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی سٹیڈیم سے ملحقہ روڈز کی بہتری ‘ گرین بیلٹس کی تیاری اور صفائی کا اعلی معیار قائم کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ٹاسک تفویض کیا جارہا ہے جس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرائیں گے ۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ہاکی کے کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے نامور کھلاڑیوں کی ماہرانہ مشاورت ناگزیر ہے لہذا وہ کھیل کی بھر پور سرپرستی جاری رکھیں ۔ اجلاس کے دوران ہاکی کے سابق اولمپیئن نے ہاکی کی ترقی کے لئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں