سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی

سنٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد کی ناقابل شکست سنچری نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا ،محمد آصف کے برق رفتار 93 رنز رائیگاں ،سنٹرل پنجاب نے 223 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا

منگل 15 اکتوبر 2019 23:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی،سنٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد کی ناقابل شکست سنچری نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا ،محمد آصف کے برق رفتار 93 رنز رائیگاں ،سنٹرل پنجاب نے 223 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے تیسرے روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد نے ناردرن کی مضبوط باؤلنگ لائن اپ کو چاروں شانے چت کردیا۔ اوپنر نے 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 223 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ناردرن کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور محض 59 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔

جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی اور آلراؤنڈر محمد نواز کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیی107 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ 35 گیندوں کا سامنا کرنے والے آصف علی نے 10 چھکوں اور 4 چھوکوں کی مدد سے 93 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ محمد نواز نے 50 رنز بنائے۔ کپتان عماد وسیم نے آخری اوور میں 5 گیندوں پر 22 قیمتی رنزجوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 222 تک پہنچادیا۔

مقررہ 20 اوورز میں ناردرن کے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز بھی متاثرکن نہ تھا۔ سنٹرل پنجاب کے محض 17 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ کپتان بابر اعظم 4 اور کامران اکمل 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوسرے اینڈ سیتن تنہا ناردرن کی مضبوط باؤلنگ لائن اپ کا سامنا کرتے رہے۔

اختتامی اوورز میں سعد نسیم اور فہیم اشرف نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ احمد شہزاد نے سعد نسیم کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 80رنز کی شراکت قائم کی۔ سعد نسیم کے آؤٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد اور آلراؤنڈر فہیم اشرف کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔ ناردرن کی جانب سے عماد وسیم نی3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں بدھ کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں خیبرپختونخوا اور سندھ جبکہ دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں