فیصل آباد، لائنز انٹر نیشنل کلب کی سلور جوبلی کے سلسلہ میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

منگل 17 مئی 2022 23:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) لائنز انٹر نیشنل کلب کے ڈسٹرکٹ 305این ون کی سلور جوبلی کے سلسلہ میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں لائنز کے سابق انٹر نیشنل ڈائریکٹر میاں محمد ادریس کے علاوہ ڈسٹرکٹ گورنر عبدالرحمن، نومنتخب سیکنڈ ڈسٹرکٹ گورنر اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں محمد ادریس نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے ہی روحانی طمانیت ملتی ہے یہی وجہ ہے کہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کار خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجر اور صنعتکار دکھی انسانیت کی خدمت کے منصوبوں میں دل کھول کر حصہ ڈالتے ہیں مگر انفرادی طور پر ایسے منصوبوں سے رقم کے ضیاع کا خطرہ رہتا ہے جبکہ لائنز کے پلیٹ فارم سے منصوبے شروع کرنے سے جہاں عالمی سطح سے بھی فنڈنگ ملتی ہے وہاں رقم کے ضیاع کا احتمال بھی صفر ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائنز سے اپنی طویل رفاقت کا ذکر کیا اور کہا کہ بطور انٹر نیشنل ڈائریکٹر اُن کیلئے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات تھی کہ وہ جس ملک میں بھی جاتے وہاں اس ملک کے ساتھ ساتھ پاکستان کا پرچم بھی لہرایا جاتا۔ انہوں نے مخیر لوگوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کاروباری برادری کو لائنز میں شمولیت کی ترغیب دیں تاکہ یہاں بڑے اور وسیع پیمانے پر رفاحی منصوبے شروع کئے جاسکیں۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے بھی مقامی بزنس کمیونٹی کے خدمت خلق کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ان کوششوں کو منظم اور مربوط بنانے کیلئے لوگوں کو لائنز کلب کا ممبر بننے کی ترغیب دینی چاہیے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کی طرف سے اُن کو لائنزکے ڈسٹرکٹ305این ون کا سیکنڈ وائس ڈسٹرکٹ گورنر منتخب کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ زیادہ سے زیادہ نئے لائنز کلب بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ ان میں خدمت خلق کے حوالے سے مثبت مقابلے کی فضا قائم کر کے مزید منصوبے شروع کئے جا سکیں۔ اس موقع پر محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں