سٹاک مارکیٹ میں ایک ہفتہ کے دوران 1565 پوائنٹس اضافہ اور 42 ہزار کی حد کا بحال ہونا انتہائی خوش آئند ہے، چیئر مین آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن

بدھ 1 اگست 2018 14:59

سٹاک مارکیٹ میں ایک ہفتہ کے دوران 1565 پوائنٹس اضافہ اور 42 ہزار کی حد کا بحال ہونا انتہائی خوش آئند ہے، چیئر مین آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن
فیصل آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) سٹاک مارکیٹ میں ایک ہفتہ کے دوران 1565پوائنٹس اضافہ اور 42ہزار کی حد کا بحال ہونا انتہائی خوش آئند ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ بھی ہوگا جس کے ملکی معیشت اور اقتصادیات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔آل پاکستان پا ور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین ر انا اظہر وقار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران قومی وصوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے بروقت اور پرامن انعقاد کے بعد سرمایہ کاروںکی نئی سرمایہ کاری میں گرمجوشی نئی حکومت پر ان کے اعتماد کی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے خدوخال واضح ہوتے ہی ختم ہونے والے ہفتے میں کراچی سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس مجموعی طور پر 1565پوائنٹس کے اضافے سے 42ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 42786.54 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ تیزی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری کی مالیت میں بھی 2 کھرب 14 ارب 33 کروڑ 88 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے جس سے سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 86 کھرب 90 ارب 54 کروڑ 92 لاکھ رہا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے بعد ڈالر کی قیمت میں 6 روپے تک کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت صنعتی ترقی اور ملکی معیشت کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور روپے کی قدر میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ڈالر کی قیمت میں کمی کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے پاکستان کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والی نئی حکومت ہمسایہ ممالک سے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی، ایڈ کی بجائے ٹریڈ کی پالیسی پر عمل، ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور گیس، پانی و بجلی کے بحرانوں کے خاتمہ کیلئے بھی مثبت اقدامات اٹھائے گی۔

فقیر والی میں شائع ہونے والی مزید خبریں