فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا

منگل 25 جولائی 2017 23:03

0فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام منعقد ہونے والے امتحان میٹرک سالانہ 2017ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جبکہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے ناموں کا اعلان 24 جولائی 2017 ء کو شام 6 بجے کیا گیا تھا۔گزشتہ روز پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کیلئے انعامی تقریب ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی زیرصدارت منعقد ہو ئی جس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر کے علاوہ چوہدری نثار احمد جٹ مہمان خصوصی جبکہ میاں محمد رفیق ایم پی اے‘ فقیر حسین ڈوگر ایم پی اے‘ حاجی محمد الیاس انصاری ایم پی اے‘ فاطمہ فریحہ ایم پی اے‘ ثریا نسیم ایم پی اے‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ایم پی اے‘ رانا ذوالفقار علی خاں وائس چیئرمین ضلع کونسل اور خالد پرویز ورک وائس چیئرمین ضلع کونسل مہمانان گرامی تھے تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کے اساتذہ کرام‘ والدین‘ اداروں کے سربراہان سمیت دیگر ممتاز ماہرین تعلیم بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ معاذ الرحمن نے حاصل کی ‘نعت رسول مقبولؐ ماریہ مدثر نے پیش کی جبکہ ملی نغمے ردا فاطمہ اور شہروز علی نے گا کر تقریب میں جوش پیدا کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری بورڈ خرم قریشی اور معاونت پروفیسر تجمل حسین نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد بورڈ کی موجودہ کارکردگی کو اگر بہ نظرعمیق دیکھا جائے تو آپ کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کا عملی نمونہ نظر آئے گا جو کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ایک جہد مسلسل کا نتیجہ ہے۔

بورڈ کی مجموعی کارکردگی اور طریق کار میں ایک بہتر تبدیلی آ چکی ہے جس میں پرانے فرسودہ غیرمعیاری نظام کی جگہ ایک جدید ترین عصری تقاضوں سے ہم آہنگ فول پروف اور برق رفتار خدمات سرانجام دینے والے تیز ترین کمپیوٹرائزڈ مشینی نظام نے لے لی ہے جس کی بنیاد شفافیت‘ دیانتداری‘ مستقل مزاجی اور عمل پیہم کے چار بنیادی اصول پر قائم ہے انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو شفاف بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران سے اہل اور اچھی شہرت کے حامل اساتذہ کرام کے کوائف حاصل کرکے آٹومیشن کے ذریعے انہیں امتحانی مراکز الاٹ کئے جاتے ہیں۔

اسی طرح نائب ممتحن کو جوابی کاپیوں کے پیکٹ کی الاٹمنٹ اور ٹریکنگ بھی آن لائن سسٹم کے تحت کی جاتی ہے۔ امیدواران کی جوابی کاپیوں کی غلطیوں سے پاک مارکنگ کیلئے تمام مارک شدہ کاپیوں کی بذریعہ سپرچیکرز سوفیصد پڑتال کو یقینی بنایا جاتا ہے جس سے ری چیکنگ کے عمل کے دوران غلطیوں کی شرح انتہائی کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق طلباء وطالبات کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایجوکیشن بورڈ کے تمام سسٹم کو اًپ گریڈ کر دیا گیا ہے جس کے ثمرات اب تمام لوگوں تک باآسانی پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانی نظام کنڈکٹ کرنے کیلئے امتحانی عملہ کی تعیناتی‘ اس کی مانیٹرنگ اور انہیں معاوضوں کی ادائیگی کا تمام تر سسٹم بھی آن لائن ہو چکا ہے۔ اسی طرح بورڈ ملازمین کے ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی ایک ایساسافٹ ویئرتیار کیا گیا ہے جس میں ان کی تنخواہ سے لے کر حاضری اور غیرحاضری سمیت تمام تر کٹوتی اور دفتر میں دخول و خروج بارے نہ صرف تمام تر معلومات موجود ہیں بلکہ کسی بھی ملازم کا اگر ریکارڈ چیک کرنا مقصود ہو تو کمپیوٹر میں صرف آئی ڈی نمبر دینے سے اس کی تمام تر معلومات کو باآسانی چیک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے طلباء وطالبات کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کو بچانے کے پیش نظر ون ونڈو سسٹم رائج کیا جس کی وجہ سے اب فوری طور پر انہیں مائیگریشن اور این او سی جاری کر دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب ہم نے چالان ویری فکیشن سسٹم کو بھی آن لائن کر دیا ہے پہلے بنکوں سے سکرول آتے ہوئے کئی دن لگ جاتے تھے جس کی وجہ سے لوگوں کے کاموں میں تاخیر ہو رہی تھی مگر اب کوئی بھی شخص بورڈ کی مقرر کردہ بنک برانچز میں فیس جمع کروا دے تو چالان فارم کی آن لائن ہی ویری فکیشن کرکے فوری طور پر اسے بیرون ملک کی تصدیقی اسناد وغیرہ جاری کر دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات و ان کے تعلیمی اداروں کی سہولت کے پیش نظر ہم نے ان کے داخلہ فارموں سے لے کر رول نمبرسلپس اور رزلٹ کارڈ تک کا تمام تر سسٹم آن لائن کر دیا ہے اب انہیں بورڈ آفس کے چکر لگانے نہیں پڑتے بلکہ وہ اپنے ادارہ میں بیٹھے ہی نہ صرف رول نمبر سلپس‘ رزلٹ کارڈز اپنے آئی ڈیز سے نکال لیتے ہیں بلکہ انہیں اگر درستگی کرنا مقصود ہو تو بھی وہ خود ہی کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے آج پوری دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے چونکہ کمپیوٹر نتائج کو ہی اب معتبر مانا جاتا ہے اس لئے ہم نے کمپیوٹر کے شعبہ میں بھرپور محنت کی جس کی بدولت آج مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ الحمداللہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد اب پنجاب کا ہی نہیں بلکہ پاکستان بھرکا ماڈل ادارہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد بورڈ 2015ء سے خود رزلٹ بنا رہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے حکومتی ہدایات کے بعد تمام بورڈز فیصل آباد سے سافٹ ویئر لے جا کر اب خود رزلٹ تیار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پنجاب بھر کے بورڈز کو رزلٹ کی تیاری میں کروڑوں کی بچت ہو رہی ہے۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ امتحان میٹرک سالانہ 2017ء یکم مارچ سے شروع ہوا اور 29 اپریل 2017ء کو اختتام پذیر ہوا جس میں مجموعی طور پر 150955 طلباء و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 117649 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 77.94 فیصد رہا۔انہوں نے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلباء نے اپنی محنت شاقہ‘ ذہانت اور قابلیت کے بل بوتے پر اپنے والدین اور اساتذہ کرام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

وہ والدین اور اساتذہ بھی لائق تحسین ہیں جن کی دعائوں اور محنت کا ثمر آج یہ طلباء وطالبات وصول کر رہے ہیں۔ آپ نے جس جانفشانی اور عرق ریزی سے انہیں بہترین انداز میں زیور تعلیم سے آراستہ کیا اس پر ہم سب آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ و سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کا بھی ممنون ہوں کہ جن کی جملہ مساعی اور حسن عمل سے آج اس تقریب کا انعقاد ممکن ہوا ادارہ کے افسران و اہلکاران نے انتھک محنت و کاوش کو بروئے کار لا کر حسب پروگرام نتائج مرتب کئے اور ہم اس قابل ہو سکے کہ آپ سب کے چہروں کی رونق اور فرحت و شادابی کا باعث بن سکیں۔

اس موقع پر ممبرانِ صوبائی و قومی اسمبلی چوہدری ڈاکٹر نثار احمد جٹ‘ میاں محمد رفیق‘ فقیر حسین ڈوگر‘ حاجی الیاس انصاری‘ ڈاکٹر نجمہ افضل‘ محترمہ ثریا نسیم‘ محترمہ فاطمہ فریحہ نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی طرف سے انہیں آن لائن فراہم کی جانے والی سہولیات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا ویژن بھی یہی ہے کہ طلباء وطالبات کو سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر ہو ہمیں ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے آٹومیٹڈ سسٹم کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ پنجاب بھر میں آٹومیشن اور طلباء وطالبات کو سہولیات کی فراہمی میں ایجوکیشن بورڈ تمام اداروں کے مقابلہ میں آگے ہے۔ آخر میں مہمانان گرامی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات میں میڈلز‘نقد انعام اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :

فقیر والی میں شائع ہونے والی مزید خبریں