فیصل آباد:ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف نے تارکین وطن کے مختلف ضلعی محکموں وپولیس سے متعلقہ مسائل وشکایات سنیں

ہفتہ 23 جولائی 2022 22:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2022ء) ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف نے تارکین وطن کے مختلف ضلعی محکموں وپولیس سے متعلقہ مسائل وشکایات سنیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوعابد حسین کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران،درخواست گزار اوورسیز پاکستانی اور ان کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے تارکین وطن کاموقف سنتے ہوئے کہا کہ ضلع کے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا شدید احساس کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل میں تاخیرنہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیشرفت سے مطمئن ہونے چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں وخاندانوں کو تحفظ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے موصول ہونے والی شکایات پر محکمانہ کارروائی کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کے محکموں سے متعلقہ اوور سیز کی شکایات ومسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ کارروائی اور رپورٹس حاصل کرکے صوبائی کمیشن کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیوریکارڈکے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکیں۔

فقیر والی میں شائع ہونے والی مزید خبریں