محکمہ اینٹی کرپشن نے اپر چناب کینال شیخوپورہ میں بھاری رشوت کے عوض بھرتیوں کامقدمہ درج کرلیا

تفتیش کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن الطاف احمد انصاری کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ریٹائرڈ ملازمین کی سروس بکوں کا پہلا صفحہ تبدیل کرکے ملازمین کی جعلی بھرتیوں ،مبینہ طور پر کروڑوں کی خرد برد کی تحقیقات نیب کے سپرد کرنیکی تجویز زیر غور

جمعرات 19 ستمبر 2019 13:17

فاروق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) محکمہ اینٹی کرپشن نے اپر چناب کینال شیخوپورہ میں بھاری رشوت کے عوض بھرتیوںکامقدمہ درج کرلیا ،تفتیش کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن الطاف احمد انصاری کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ۔ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن شیخوپورہ نے محکمہ آبپاشی کے شعبہ اپر چناب کینال میں جعلی بھرتیوں کا مقدمہ ایگزیکٹیو انجینئر عاطف خان ،ہیڈ کلرک لیاقت علی ڈوگر اور دو کلرکوں عبدالستار اور گوہر عباس کے خلاف زیر دفعہ 420-468-471-161 ت پ اور 47/2/5 اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت درج کیا ہے ۔

جس میں کہا گیا ہے کہ رشوت لے کر اور بوگس بھرتیوں میں دیگر افسروں کے کردار کا تعین اس مقدمہ کی تفتیش کے دوران ہوگا جبکہ تفتیش کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن الطاف احمد انصاری کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ بھرتیوں کا یہ سکینڈل پکڑے جانے کے بعد اب محکمہ آبپاشی کے شعبہ سٹور اینڈ ورکشاپ ڈویژن میں ریٹائرڈ ملازمین کی سروس بکوں کا پہلا صفحہ تبدیل کرکے درجنوں ملازمین کی جعلی بھرتیوں کے علاوہ محکمہ پر گوگیرہ کینال اپر چناب کینال ایکس کا ویٹر ڈویژن رچنا ڈرینج ڈویژن اور سٹور اینڈ ورکشاپ ڈویژن میں گزشتہ دس برس کے دوران ترقیاتی کاموں کے نام پر ہونے والی مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی خرد برد اور بے قاعدگیوں کے مبینہ الزامات کی تحقیقات بھی نیب پنجاب کے سپرد کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔

گزشتہ سال محکمہ اپر چناب کینال میں بیلداروں مالیوں نائب قاصدوں اور گیج ریڈر وغیرہ کی 90 آسامیوں پر رشوت لے کر اور بوگس بھرتیاں کی گئی تھیں جس کے لیے بعض افسروں نے بیلدار کی بھرتی کے لیے مبینہ طو رپر 4لاکھ روپے فی امیدوار جبکہ دیگر آسامیوں کے لیے اڑھائی تا 3 لاکھ روپے فی آسامی کلرکوں کی ملی بھگت سے رشوت وصول کی جس کی شکایت اسی محکمہ کے سابق سپریٹنڈنٹ اکبر علی نے سابقہ دور میں کی تھی لیکن اس پر کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی تھی ۔ اب وزیراعظم کی طرف سے سختی سے نوٹس لئے جانے پر محکمہ اینٹی کرپشن نے فوری طور پر تحقیقات مکمل کرکے اس کا مقدمہ درج کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فاروق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں