وزیراعظم عمران خان ایک دروغ گو ہیں اور کرپشن کی سیاست کرتے ہیں، بلاول بھٹو زر داری

15نومبر کو پیپلزپارٹی جیتے گی اور عوام کے حقوق انہیں دئیے جائیں گے، جلسے سے خطاب وزیراعظم دو سال سے کہاں تھی پہلے گلگت بلتستان کا خیال کیوں نہیں آیا چیئر مین پیپلز پارٹی

پیر 2 نومبر 2020 23:46

وزیراعظم عمران خان ایک دروغ گو ہیں اور کرپشن کی سیاست کرتے ہیں، بلاول بھٹو زر داری
غذر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2020ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک دروغ گو ہیں اور کرپشن کی سیاست کرتے ہیں، ان کے گزشتہ دو سالہ دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ کرپشن کو 90روز میں ختم کر دیگا تاہم اب یہ جھوٹا اور کٹھ پتلی وزیراعظم کہتا ہے کہ کرپشن کیس بٹن یا سوئچ سے ختم نہیں کر سکتا،وزیراعظم دو سال سے کہاں تھی پہلے گلگت بلتستان کا خیال کیوں نہیں آیا ۔

انہوں نے یہ بات غذر کی تحصیل یاسین میں گلگت بلتستان کے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نانا شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے جی بی سے ایف سی آر اور راجگیری نظام کا خاتمہ کیا،ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کو متعارف کرایا اور سیاسی پارٹیوں کو کام کرنے کی اجازت دی۔

(جاری ہے)

ان کے والد صدآصف علی ر زرداری نے جی بی کے عوام کو شناخت دی، اسمبلی دی، گورنر اور وزیراعلیٰ دیا، اب پاکستان پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ جی بی کے عوام کو ان کا اپنا صوبہ دیا جائے، حق حاکمیت اور حق ملکیت دیے جائیں اور پاکستان کے وزیراعظم کو منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ یہ صرف انتخابات ہی نہیں بلکہ جی بی کے عوام کے حقوق کا ریفرنڈم ہے، 15نومبر کو پیپلزپارٹی جیتے گی اور عوام کے حقوق انہیں دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام کے لئے یہ سارے مطالبات پارٹی کے منشور 2018ء میں پہلے سے ہی شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی نے جی بی کے عوام کو اشیائے خوردونوش، کپڑوں اور پٹرول پر سبسیڈی دی،اب عمران خان چاہتا ہے کہ وہ یہاں کے عوام سے یہ سبسیڈی چھین لے۔ ہم اس کٹھ پتلی وزیراعظم کو نہ تو عوام کے حقوق چھیننے دیں گے اور نہ ہی عمران خان کو ان کی کرپشن اور لوٹ مار کو چھپانے کی اجازت دیں گے۔

انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ اس نے دو سالوں میں جی بی کے عوام کو کیا دیا ہی اور اچانک انتخابات کے دوران وہ کیا سوچ کر جی بی آیا ہی انہوں نے عمران خان سے پوچھا کہ اس نے اپنے دور حکومت میں جی بی کے عوام کیلئے کیا کیا ہی چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وہ خپلو سے غذر تک پیپلزپارٹی کی کارنرمیٹنگز میں ہزاروں عوام کی شمولیت دیکھ کر ڈر گیا ہے۔

اسے یہ پتہ ہی نہیں تھا کہ جی بی کے عوام غیرتمند، وفادار ہیں اور شہیدوں کی پارٹی کے ساتھ ہیں۔ اب عمران خان کس منہ سے ان غیرتمند اور وفاداروں سے ووٹ مانگنے آرہا ہی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان ایک منافق ہے اور جب سے وہ حکومت میں آیا ہے ملک بھر میں بھوک، غربت، مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ 15نومبر کو جی بی کے غیور عوام عمران خان سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا پا لیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنی خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا تھا ، وہ ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی کو خدمت کا موقع دیں۔ن

غذر میں شائع ہونے والی مزید خبریں