چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی بدصوات کے عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل، متاثرین میں ٹینٹ اور دیگر ضروری سازوسامان تقسیم

پیر 15 اکتوبر 2018 15:11

غذر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی بدصوات کے عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل، متاثرین میں ٹینٹ اور دیگر ضروری سازوسامان تقسیم کردیا گیا۔ موسم سرما کی آمد سے پیشتر ریلیف کا سامان فوری فراہم کرنے کے لیئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ نے اپنے حالیہ دورہ بدصوات مورخہ 29 ستمبر 2018 کو متاثرین سیلاب سے ٹینٹ اور دیگر سازوسامان کی بروقت ترسیل کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے اپنے دورے کے موقع پر سیلاب سے زیر آب آنے والے گرلز مڈل اسکول کی بحالی کا عہد بھی کیا تھا۔ چیف سیکرٹری کی طرف دی گئی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی سیکرٹری ٹو چیف سیکرٹری جناب شجاع عالم نے بدصوات کے متاثرین میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے گلگت بلتستان کی شدید سردی کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے سپیشل ٹینٹ تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ گرلز مڈل اسکول کی فوری بحالی کے لیے محکمہ تعلیم کو چار ٹینٹ مہیا کیے گیے۔ چیف سیکریٹری بابر حیات تارڑ نے اپنے دورے کے موقع پر متاثرین کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیئے تھے کہ موسم خراب ہونے سے پہلے متاثرین کی حالت زار بہتر بنائی جائے۔ یاد رہے کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے احکامات کی روشنی میں بدصوات کے متاثرہ انفراسٹرکچر کی مستقل بنیادوں پر بحالی کا کام موسم سازگار ہوتے ہی شروع کردیا جائے گا۔

نیز چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی طرف سے گلگت بلتستان میں گلوبل وارمنگ اور اس سے آنے والے سیلاب سے بچاؤ اور ممکنہ تدارک کے لیے اسپیشل موسمیاتی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ سپیشل کوآرڈینیڑ برائے وزیر اعلی شہزادہ حسین خان مقپون، ڈی جی ، جی بی ڈی ایم اے فرید احمد اورڈپٹی سیکریٹری ٹو چیف سیکریٹری شجاع عالم بدصوات کے متاثرین میں ٹینٹ اورامدادی اشیاء تقسیم کے موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

غذر میں شائع ہونے والی مزید خبریں