تمام ہوٹلز میں انٹر نیشنل اور غیر مقامی سیاحوں پر ٹیکس لگایا جارہا ہے،سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان

جمعرات 12 دسمبر 2019 22:49

غذر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام ہوٹلز میں انٹر نیشنل اور غیر مقامی سیاحوں پر ٹیکس لگایا جارہا ہے یہ ٹیکس گلگت بلتستان کے شہریوں پر لاگو نہیں ہوگا۔ ملک بھر اور بیرون ملک سے آنے والے سیاح گلگت بلتستان کے انفرسٹرکچر کو استعمال کرتے ہیںاس لئے تمام ہوٹلوں میں قیام کرنے والے سیاحوں پر 10 فیصد ٹیکس لگایا جارہا ہے،جس میں 50 فیصد ہوٹل انتظامیہ کو دیا جائیگا جبکہ بقایا رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائیگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو مزید فعال بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں بھر پور اقدامات کاآغاز کیا جارہا ہے۔پہلے مرحلے میں ہم سول سوسائٹی ، میڈیا او ر دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر سیمینار اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے ہم نے نوجوان نسل کو آگاہی دینی ہے کہ وہ منشیات کے استعمال سے باز رہیں اور یہ معاشرے کے لئے کتنی خطرناک بات ہے۔

آگاہی کے بغیر معاشرے کو درست راستے پر گامزن نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پرقائم مقام ڈی سی غذر حبیب الرحمان ، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان محمد ابوبکر ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر غذر سید یاسر حسین و دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر غذر سیدیاسر حسین نے سیکرٹر ی ایکسائز کو اس موقع پر محکمہ کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔

غذر میں شائع ہونے والی مزید خبریں