18 ویں ترمیم اکیلے نہیں پاکستان کی پارلیمنٹ نے منظور کی ہے،آصف علی زردری

اردو میں تقریر کرنے کا مقصد اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سنانا ہے کہ پی پی قیادت و کارکن کسی سے ڈرنے والے نہیں،شریک چیئرمین پیپلزپارٹی وفاقی حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور اب اس کی خواہش ہے کہ سندھ حکومت بھی کام بند کردے،وزیراعلیٰ سندھ کا جلسے سے خطاب

جمعہ 28 دسمبر 2018 20:20

18 ویں ترمیم اکیلے نہیں پاکستان کی پارلیمنٹ نے منظور کی ہے،آصف علی زردری
میرپور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2018ء) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم اکیلے نہیں پاکستان کی پارلیمنٹ نے منظور کی ہے جس میں تمام صوبوں کو حقوق فراہم کئے گئے ہیں۔اردو میں تقریر کرنے کا مقصد اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سنانا ہے کہ پی پی قیادت و کارکن کسی سے ڈرنے والے نہیں۔

ہمارا نظریہ ہے کہ قدرتی وسائل و صنعتی اداروں پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے، صرف تقاریر کرکے مخالفین پر تنقید کرنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوگا بلکہ عوام کو بغیر کسی فرق کے جب بنیادی حقوق دئے جائیں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی ایم پی اے علی نواز خان عرف راجہ خان مہر کی جانب سے خانگڑھ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 18ویں ترمیم کے تحت پاکستان کے تمام صوبوں کو خودمختار بنایا مگر افسوس کہ صوبوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا ہے ہم کچھ کہیں گے تو ایسی بات نکلے گی جو دور تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ ہے کہ قدرتی وسائل و صنعتی اداروں پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے، صرف تقاریر کرکے مخالفین پر تنقید کرنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوگا بلکہ عوام کو بغیر کسی فرق کے جب بنیادی حقوق دئے جائیں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مستقبل میں تاریخ لکھے گی کہ ہم نے اس ملک و قوم کے لئے کیا کیا ہے جس وجہ سے اب سازشیں کی جارہی ہیں ، ہم تو انتخابات جیت کر بھی اپوزیشن میں بیٹھے ہیں اور اقتدار میں عوام کی خدمت کے لئے آتے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو کہا کہ ضلع گھوٹکی جتنا رونیو دے رہا ہے وفاق سے بات کرکے کچھ تو ریلیف دلوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام سے اردو میں تقریر کرنے کا مقصد اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سنانا ہے کہ پی پی قیادت و کارکن کسی سے ڈرنے والے نہیں۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے ماضی سے بھی کم رونیو کوکور کیا ہے جو حکمران رونیو وصول کرنے کے اہل نہیں انہیں کیا معلوم کہ حکومت کیسے کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی سمیت سندھ بھر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور آئینی طور پر یہاں کے تمام اداروں پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے مگر افسوس کہ وفاقی حکومت نے تو 2013 میں ہی دیہی علاقوں کو گیس فراہم کرنے پر پابندی عائد کردی تھی مگر حکومت سندھ نے سوئی سدرن کمپنی کو قرضہ دیا تا کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں کو گیس کی سہولت مل سکے حالانکہ یہ کام وفاقی حکومت کا ہے مگر ہم نے عوام کی مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے قرضہ دیا اور آج وہ کمپنی قرضہ واپس کرنے کے لئے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے تھر میں میگا پراجیکٹ دیا اور پراجیکٹ کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کو 11 سو گز پر مشتمل گھر بنا کے دئیے اور مقامی لوگوں کو پراجیکٹ کا مالک بنادیا جبکہ وفاقی حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور اب اس کی خواہش ہے کہ سندھ حکومت بھی کام بند کردے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کے لئے مسلسل وفاق سے بات چیت کر رہے ہیں کافی اہم معاملات سی سی آئی میں التوا کا شکار ہیں اور اب وفاقی حکومت میں جو آیا ہے اس نے تو کچھ ہی دنوں میں ظاہر کردیا ہے کہ وہ کیسے سندھ کے خلاف سازشیں کر رہا ہے ، انتخابات کے دوران بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں کی گئی مگر عوام نے ہم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دئیے اور سازش کرنے والوں کے خواب چکناچور کردئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ وفاق سے سندھ کے حقوق آئین کے تحت چھین کر لے گی اور ہمیشہ کی طرح پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کوچیئرمین آصف علی زرداری کی نگرانی میں عوام کی خدمت کرتے رہی گی۔ قبل ازیں ایم پی اے علی نواز خان عرف راجہ خان مہر نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے پی پی کو چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا جلسہ عام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹکی کراچی کے بعد سب سے زیادہ رونیو دے رہا ہے اس کے باوجود یہاں کے لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ جلسے میں ایم این اے سید خورشید احمد شاہ، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، سینیٹر اسلام الدین شیخ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ، صوبائی وزیر عبدالباری خان پتافی ، صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ، صوبائی وزیر مکیش کمار چاولا، صوبائی وزیر شبیر بجارانی، ایم پی اے سید قائم علی شاہ، ایم این اے میر خالد احمد خان لونڈ اور صوبائی مشیر سردار محمد بخش خان مہر نے شرکت کی۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں