ٹرین حادثے کے زخمیوں میں دولہا بھی شامل، ٹرین حادثے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا

جمعرات 10 جون 2021 14:43

ٹرین حادثے کے زخمیوں میں دولہا بھی شامل، ٹرین حادثے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا
گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس میں حادثے کا مقدمہ چوتھے روز بھی درج نہ ہوسکا، شیخ زید اسپتال میں زیر علاج 13 زخمیوں میں کراچی کا ایک دولہا بھی شامل ہے جس کی 12جون کو شادی ہے۔ٹرین حادثے کے 13 زخمی شیخ زید اسپتال میں زیرعلاج ہیں، 5 کی حالت نازک ہے جبکہ اسپتال میں کراچی کا دولہا نعمان بھی زیرعلاج ہے، نعمان کی 12جون کوشادی ہے، گھر والے بارات لیکر ملت ایکسپریس میں کراچی سے جھنگ جا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

نعمان کے والدین، بھائی سمیت خاندان کے 5 افراد حادثے میں جاں بحق ہوئے، متاثرہ مسافروں کا سامان شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ٹرین حادثے کا مقدمہ چوتھے روز بھی درج نہ ہوسکا، ایس ایچ او ریتی برکت علی کے مطابق ریلوے پولیس کا لیٹرموصول ہوا نہ کوئی مدعی آیا۔ڈہرکی جائے حادثہ کے قریب پڑے ملبے کو اب تک اٹھایا نہیں جاسکا، مسافروں کا سامان تھانہ ڈہرکی میں موجود ہے جہاں شناخت کے بعد سامان ورثاکے حوالے کیا جا رہا ہے۔ڈہرکی حادثہ میں جاں بحق ایک اورشخص کی تدفین لودھراں میں کردی گئی ، 33سالہ محمد ریاض ملت ایکسپریس میں سوار ہو کر کراچی سے لودھراں جارہا تھا، لودھراں سے تعلق رکھنے والے 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں