محرم الحرام کے دوران ضلع گھوٹکی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ

مجالس و جلوس مقرر کردہ وقت اور روٹس پر منعقد کرنے کی ہدایت

جمعرات 21 جولائی 2022 23:00

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2022ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدللہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی محمد اظہر خان، شہباز رینجرز 70 ونگ میرپور ماتھیلو کے ڈی ایس آر گلزار حسین، شہباز رینجرز 84 ونگ سردار گڑہ کے ایس آر عبدالصغیر سمیت سمیت اسسٹنٹ کمشنرز، تحیصلداروں، ڈی ایچ او، ڈی ایس پی موٹروے پولیس، محکمہ میونسیپل، سیپکو اور متعلقہ افسران سمیت مختلف مکتبہ فکر کے علما نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں مذہبی ہم آہنگی موجود ہے تاہم محرم الحرام کے دوران ملک دشمن عناصر فساد پھیلانے کی کوشش کر سکتے ہیں اس لیے ہمیں متحد ہوکر ملک و قوم کے مشترکہ دشمن کو شکست دینی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوان امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظام کیے جائیں گے اس سلسلے میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گی. ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اجلاس منقعد کرنے کا بنیادی مقصد مختلف مکتبہ فکر کے علما کے مسائل معلوم کرکے حل کرنا ہے تا کہ عاشوروں کے دوران ضلع میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے کیو کہ دینِ اسلام محبت، امن، صبر و رواداری کا درس دیتا ہے اس لیے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اپنے اپنے دائرے میں رہ کر مذہبی ذمہ داریاں و رسومات ادا کریں تا کہ کسی کی بھی دل آزاری نہ ہو اور ایام عاشورہ خوش اصلوبی سے گذر جائیں. انہوں نے کہا کہ عاشوروں کے دوران ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لاڈ اسپیکر استعمال نہیں کیا جاسکتا جبکہ لاڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اس لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ امن و امان قائم رہے۔

انہوں نے تمام مکتبہ فکر کے علما سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے دوران افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقع یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے تاکہ شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے پی ٹی سی ایل اور سیپکو کے عملداروں کو ہدایت بھی کی کہ وہ اپنی لوز تاروں کی مرمت کروائیں خاص طور پر جلوسوں والے روٹس پر توجہ دی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ سے گریز کیا جائی. انہوں نے تمام ایڈمنسٹریٹرز/ سی ایم اوز کو بھی ہدایت کی کہ وہ عاشوروں کے دوران اسٹریٹ لائیٹ، واٹر سپلائی، ڈرینیج اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور مین ہولوں کو فوری طور پر بند کریں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی. اس موقع پر شہباز رینجرز کے افسران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی ہے علما کرام کو چاہیے کہ وہ اسی طرح باہمی تعاون سے روایات کو برقرار رکھیں تا کہ ملک دشمن قوتوں کو فساد پھیلانے کا موقع نہ مل سکی.. اس موقع پر ایس ایس پی محمد اظہر خان نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع کی نسبت ضلع گھوٹکی کی تاریخ رہی ہے کہ یہاں پر کبھی بھی فرقیوارانہ تصادم نہیں ہوا، اس لئے تمام علما کرام کو چاہیے کہ وہ ان مولویوں کو ضلع میں دعوت نہ دیں جن پر حکومت نے پابندی عائد کی ہوئی ہے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل کریں. انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 596 مجالس برپا ہوں گی جبکہ 81 جلوس برآمد ہوں گے اس سلسلے میں 3 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار حفاظتی انتظام سنبھالیں گی. اس موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علما نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

بعد ازیں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں