گھوٹکی ،پتافی قبائل کے دو گروپوں کے درمیان تصادم،2بھائیوں سمیت 3 افرادجاں بحق جبکہ دوزخمی، پولیس نے 3افراد کو حراست میں لے لیا

پیر 15 اپریل 2019 16:20

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) گھوٹکی کے نواحی علاقے کھینجومیں پتافی قبائل کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں2بھائیوں سمیت 3 افرادجاں بحق جبکہ دوزخمی ہوگئے، پولیس نے 3افراد کو حراست میں لے لیاہے۔تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے نواحی علاقے کھینجوکے گائوں امید علی پتافی میں زمینی تنازع پرپتافی قبائل کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔

(جاری ہے)

جھگڑے میں شدید فائرنگ کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد قالو ولد محمود اللہ،دایو ولد محموداللہ اورسونارو ولد علی بخش پتافی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کھینجو پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی اور قتل ہونے والوں کی لاشیں ڈہرکی اسپتال منتقل کیں۔قتل ہونے والوں میں2 سگے بھائیوں سمیت تین افراد شامل ہیں جبکہ2 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔گھوٹکی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان انور علی پتافی، صفدر علی پتافی اور اختر علی پتافی کو گرفتار کرکے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمدکرلیاہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں