احتساب کے بعد تبدیلی خود بخود آجائے گی، سندھ میں جو مسائل درپیش ہیں ان کو حل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے،ارباب غلام رحیم

حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے سارا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈال دیتی ہے جو افسوسناک ہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 جنوری 2019 20:10

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2019ء) سابق وزیراعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہاہے کہ احتساب کے بعد تبدیلی خود بخود آجائے گی،صوبہ سندھ میں جو مسائل درپیش ہیں ان کو حل کرنا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے،ان ہائوس کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے۔ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے حکومت سندھ پرکڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پانی کی عدم دستیابی سمیت متعدد سنگین نوعیت کے اہم مسائل ہیں جنہیں حل کرنا موجودہ حکومت کا کام ہے۔

انہوں نے صوبائی حکومت کو نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں لیکن وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے سارا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈال دیتی ہے جو افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اچھے انسان ہیں اور محنت کررہے ہیں۔ وہ جس طرح کام کررہے ہیں تو اس میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو وقت دیا جائے۔

ارباب غلام رحیم نے کہاکہ ہم سب کرپشن کے خلاف عمران خان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سندھ کے دورے پر آرہے ہیں تو ہم ان کے سامنے صوبے کو درپیش مسائل رکھیں گے۔ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ شیل گیس اورشیل آئل جو ہارڈ راگ کے اندر ہوتا ہے اس کو مدرآف کاربن کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارڈ راگ کے اندر تیل اور گیس 90 فیصد ہوتا ہے۔سابق وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ اگر اس ٹیکنالوجی کے ذریعے گیس اور تیل نکالیں تو خود کفیل ہوجائیں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ یہی مشورہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی دیا تھا لیکن انہوں نے پانچ سال ضائع کردیئے۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں