ضلع گھوٹکی کے صنعتی ادارے عدالتی احکامات کو بھی تسلیم نہیں کر رہے،ممبر قومی اسیمبلی میر خالد احمد خان لنڈ

بدھ ستمبر 18:29

گھوٹکی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) گھوٹکی سوشل پیٹرولیم ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین / ممبر قومی اسیمبلی میر خالد احمد خان لنڈ نے کہاہے کہ ضلع گھوٹکی کے صنعتی ادارے عدالتی احکامات کو بھی تسلیم نہیں کر رہے، کمیٹی کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر عمل نہیں ہورہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں سوشل پیٹرولیم ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر فشریز اینڈ لائیو اسٹاک عبدالباری خان پتافی، ڈپٹی کشنرگھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم، ایس ایس پی فرخ علی لنجار سمیت محکمہ تعلیم، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، ورکس اینڈ سروسز کے افسران اور پیٹرولیم کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم این اے میر خالد احمد خان لنڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی کے صنعتی ادارے یہاں سے اربوں روپے کما رہے ہیں مگر ضلع کو فنڈزدینے کے لئے تیار نہیں،عوامی مفادات کے لئے کام نہیں کیا جارہا اور نہ ہی عدالتی احکامات پر عمل ہورہا ہے ایسی صورتحال برداشت کرنے جیسی نہیں اس لئے کمپنیوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہم منتخب عوامی نمائندے ہیں ہم سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ یہاں کی کمپنیاں مقامی لوگوں کو حقوق کیوں نہیں دے رہی، مگر افسوس کہ کمپنیاں مقامی لوگوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر رہی ہیں۔ انہوں نے پیٹرولیم کمپنیوں کو ہدایت کی کہ ضلع گھوٹکی میں کام کرنے والے تمام ملازمین کی ڈومیسائیل سمیت فہرست فراہم کی جائے تا کہ معلوم ہو سکے کہ مقامی لوگوں کو کتنے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے حکومت سندھ کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کا معیار بہتر سے بہتر بناکر جلد از جلد مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو فائدہ حاصل ہوسکے۔ صوبائی وزیر عبدالباری خان پتافی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں یہ کہاوت مشہور ہے کہ صنعتی ادارے مسجد کا پیش امام بھی سندھ کا مقرر نہیں کرتے اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے ایک اصول بنا رکھا ہے کہ سندھ کی یونیورسٹیوں سے ڈگریاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم نہیں کرنے۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کا کام مقرر کردہ تاریخ پر مکمل ہونا چاہیئے۔ اس سلسلے میں اگر مسائل ہیں تو آگہی فراہم کی جائے تاکہ وہ فوری طور پر حل کئے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور تعلیم کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ سوشل پیٹرولیم ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے گذشتہ اجلاس کے دوران ڈسپینسریز قائم کرنے سمیت جن کاموں کی منظوری دی گئی وہ جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ فراہم کی جائے اس سلسلے میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

گھوٹکی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments