عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ضلع گھوٹکی میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:30

میرپورماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) عید میلاد النبی ؐکے موقع پر ضلع گھوٹکی میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، اسلحے کی نمائش و اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی ہوگی، شہروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا.

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدللہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں 12 ربیع الاول کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو شہریار قمر خان،اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی رضوان نظیر اور گھوٹکی ، خانپور مہر اوباوڑو کے اسسٹنٹ کمشنر سمیت پولیس، رینجرز و موٹروے پولیس عملداروں سمیت متعلقہ افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علما نے شرکت کی.

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی موجود ہے اس کے باوجود تمام مکاتب فکر کے علما کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آپس میں تعاون برقرار رکھیں تاکہ ایسے دن پر شرپسند عناصر کو فساد پھیلانے کا موقع نہ مل سکے کیوں کہ ملک دشمن قوتیں ایسے مواقع تلاش کرتی ہیں. انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن دین اسلام کے آخری پیغمبر رحمت اللعالمین ؐسے منسوب ہے اس لئے ہم سب کو اپنے آقا ؐ کے بتائے گئے راستے پر چل کر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا اپنا کردار کرنا چاہیے کیوں کہ ہمارا مذھب ایسا ہی درس دے رہا ہی.

اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز و تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ میونسیپل/ٹان کمیٹیز اور یوسی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر وہ اپنے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی کی سخت نگرانی کریں. انہوں نے ڈی ایچ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الاول کے موقع پر تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈک اسٹاف سمیت ایمبولینسز کو الرٹ رکھا جائے تا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کے دوران کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئی.

انہوں نے تمام میونسپیل افسران کو بھی سختی سے ہدایت کی ہے کہ شہروں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں راستوں پر موجود کھلے مین ہول فوری طور پر بند کئے جائیں تا کہ جلوسوں کے دوران شرکا کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اس سلسلے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی. ڈپٹی کمشنر نے سیپکو افسران کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی طور پر رات کو لوڈشیڈنگ سے گریز کیاجائی.

اس موقع پر ڈی ایس پی نے بتایا کہ جلوسوں کے دوران جن علما پر پابندی ہے ان کی تقاریر پابندی ہوگی، علما کرام کو چاہیے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے مقررہ وقت و روٹ کے مطابق جلوس نکالیں تا کہ بہتر سے بہتر حفاظتی انتظامات کئے جاسکیں. اس موقع پر تمام علما کرام نے ضلعی انتطامیہ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی.

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں