گھوٹکی میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ، ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم

نتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا عمل مکمل،ریٹرننگ افسران اور متعلقہ پولیس عملداروں کو رابطے میں رہنے کا حکم

جمعہ 24 جون 2022 15:25

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) گھوٹکی میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ، ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم، 128 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا عمل مکمل کرلیاگیاجبکہ ریٹرننگ افسران اور متعلقہ پولیس عملداروں کو رابطے میں رہنے کا حکم دیاگیا،انتخابات میں تمام پریزائیڈنگ آفیسر ضرورت کے مطابق فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر گھوٹکی محمد عثمان عبدللہ اور ایس ایس پی گھوٹکی محمد اظہر خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کئے گئے انتطامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفیس میرپور ماتھیلو میں منعقد ہوا،جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران اور ریٹرننگ افسران سمیت پولیس عملداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر/ڈی آر او گھوٹکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام ریٹرننگ آفیسرز اور متعلقہ پولیس عملدار ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے، پولنگ کے روز کسی کا بھی موبائل فون بند نہیں ہونا چاہیے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا عذر قابل قبول نہیں ہوگا، کیوں کہ یہ ایک قومی اور حساس معاملہ ہے اس لئے ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ خوشگوار ماحول میں ضلع کی عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تمام پریزائیڈنگ افسران کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات فراہم کئے گئے ہیں جو کہ ضرورت کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں، کسی کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے نہیں دیں گے، پولنگ اسٹیشن میں ووٹر اور ایجنٹ سمیت کسی کو بھی موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر موبائل فون رکھ سکتے ہیں، تمام صورتحال کی نگرانی کرنے کے لئے ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کی 659 پولنگ اسٹیشنز میں سے 128 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کا عمل مکمل کردیا دیا گیا ہی. اس موقع پر ایس ایس گھوٹکی محمد ظفر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سخت حفاظتی انتظامات کی حکمت عملی بنائی گئی ہے، کسی کو بھی اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی، شرپسندی کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، ضلع میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں