بلتستان یونیورسٹی انچن کیمپس میں تہران یونیورسٹی کی معروف ادبیہ ڈاکٹر وفا یزداں منش کے اعزاز میں تقریب

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:39

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) بلتستان یونیورسٹی انچن کیمپس میں تہران یونیورسٹی کی معروف ادبیہ ڈاکٹر وفا یزداں منش کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ ویمن ڈگری کالج سکردو کی طالبات کے علاوہ بلتستان یونیورسٹی انچن کیمپس کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملک، ٹریڑرر شاکر شمیم، فیکلٹی ممبرزبلتستان یونیورسٹی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وفا یزداں منش نے بلتستان کے ادبی خزانے کی تعریف کی اور اٴْمید ظاہر کی کہ ان علمی و ادبی ورثوں کو محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے علماء کی ذہانت کی تعریف کی اور علم میں اٴْن کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے بلتستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سیاحت بہت ہی پرکشش اور سیاحوں کیلئے جنت نظیر ماحول میسر ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر وفا یزداں منش نے بلتستان کو پرامن خطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں، یہ پوری دنیا کیلئے مثال ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ویمن ڈگری کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عظمیٰ سلیم نے ڈاکٹر وفا یزداں منش کی اٴْردو زبان کیلئے کی گئی کوششوں اور دلچسپیوں کو قابلِ قدر اور حوصلہ بخش قرار دیا۔ معروف دانشور یوسف حسین آبادی نے اپنے خطاب میں بلتستان کی تاریخ کے اہم گوشے اٴْجاگر کئے۔ انہوں نے ڈاکٹر وفا یزداں منش کو بلتستان میوزیم آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ فارسی اور اٴْردو کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، کمال کی بات یہ ہے کہ اٴْردو سے واقف ہونے کیلئے فارسی زبان کا بھی پڑھنا یا عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڑرر شاکرشمیم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ادب پر فارسی زبان کے گہرے اثرات ہیں، ہمارے قدیم شعراء بھی فارسی زبان میں شاعری کیا کرتے تھے۔ شاکرشمیم نے گلگت بلتستان کے فنِ تعمیر کی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تعمیرات جو کہ آثارِ قدیمہ کی حیثیت سے ہمارا اثاثہ ہیں، وہ بھی فارسی زبان کے اثرات سے مبرّا نہیں ہیں۔

جا بجا نقش و نگار فارسی زبان میں کیا گیا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری ثقافت اور معاشرے میں فارسی زبان کا کس قدر اثر ہے۔ انہوں نے قدیم شعراء کی ایک طویل فہرست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حضرات سب کے سب فارسی زبان کے ماہر تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری کو خوبصورت تمثیلوں اور استعارات سے مزین کیا۔ڈاکٹر وفا یزداں منش ایران کی مشہوراسکالر ہیں۔

انہوںنے اٴْردو غزلیات میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔اپنے مقالہ میں انہوں نے ولی دکنی سے لے کر اقبال تک کے ادبی سفر کا مکمل احاطہ کیا ہے جبکہ ایک ضخیم کتاب تحریرکی۔ انہوں نے نامور شعراء و شاعرات ن م راشد، مجید امجد، پروین شاکر، ناصر کاظمی سمیت دیگر شعروں پر چالیس سے زائد مقالہ جات تحریر کئے ہیں۔ ڈاکٹر وفا یزداں منش تہران یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ دائرہ معارف، دانش نامہ، جہانِ اسلام میں اٴْردو ادب کی نگراں ہیں۔ انہوں نے اٴْردو زبان میں کئی افسانے لکھے ہیں جو مختلف رسالوں اور مجلوں کی زینت بنے ہیں۔ ڈاکٹر صاحبہ اٴْردو زبان میں بھی مکمل عبور رکھتی ہیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں