گلگت،زیر تعمیرمنصوبوں میں کسی قسم کی تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی،حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 12 اپریل 2018 13:52

گلگت،زیر تعمیرمنصوبوں میں کسی قسم کی تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی،حافظ حفیظ الرحمن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ دیامر میں زیر تعمیرمنصوبوں میں کسی قسم کی تاخیرہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،منصوبوں میں تاخیر کاباعث بننے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

متعلقہ سیکریٹریز دیامر میں زیرتعمیر منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں اورمنصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ صحت کے زیر تعمیر منصوبوں اور ہسپتالوں کی درجہ بندی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چلاس میں محکمہ صحت کے منصوبوں پر کام کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران پر برہمی کااظہارکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے چلاس میں 100بیڈزنانہ بلاک ہسپتال منصوبے ، ریوائزڈ منصوبے کا ایڈمن اپرول فوری طور پر جاری کرنے کا حکم دیا اور 100بیڈ ہسپتال کی اپ گریڈیشن منصوبے سے متعلق بنائی جانے والی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قواعد و ضوابط کو مد نظررکھتے ہوئے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ منصوبوں سے متعلق ورک پلان تیار کیا جائے اورورک پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ تعمیرات دیامر کے آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ ٹراما سنٹر چلاس کا ٹینڈر کرایا جائے اور منصوبے پر جلد کام کا آغاز کیا جائے،روایتی طریقہ کار کے بجائے عوامی نوعیت کے اہم منصوبوں میں جدید طریقے استعمال کئے جائیں اورمنصوبوں کو مختصر مدت میں مکمل کئے جائیں،منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صحت کے شعبے میں وسائل کا منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کی درجہ بندی کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ چلاس ڈی ایچ کیو ہسپتال، سکردو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور سٹی ہسپتال گلگت کوجنرل ہسپتالوں کا درجہ دیاجائیگا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال گلگت کو کیپٹل ہسپتال کا درجہ دیا جائے گا جس کیلئے سیکریٹری صحت کاغذی کارروائی کو دو ہفتے میں مکمل کریں۔ متعلقہ ہسپتالوں کی انتظامیہ میں تبدیلیاں لائی جائیں گی اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں