گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام میں سکیورٹی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے ، حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 21 جون 2018 13:42

گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام میں سکیورٹی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے ، حافظ حفیظ الرحمن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام اور حکومتی رٹ کی بحالی کے حوالے سے رینجرز کا کردار قابل تحسین رہا ہے ، پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس کا کردار قیام امن میں نمایاں رہاہے جس پر یہ ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں،نیشنل ایکشن پلان کا سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کو ہوا ہے،نیشنل ایکشن پلان سے قبل عسکری اورسیاسی قیادت کے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھنے اور مختلف امور کے حوالے سے فیصلے کرنے کا کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا۔

نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے ایپکس کمیٹی قائم ہوئی جس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر امن وامان کے حوالے سے فیصلہ کئے اور ان فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں امن و امان قائم ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا ا ظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت نے پولیس کی ٹریننگ پاک آرمی کے زیر تربیت کروائی جس سے پولیس کی استعداد کارمیں اضافہ ہوا ہے، پولیس فورس کو مثالی فورس بنانے کیلئے جدید آلات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے،پولیس فورس میں میرٹ پر بھرتیاں کی گئی ہیں۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بھرتیاں پاک فوج کی نگرانی میں کی گئی ہے تاکہ میرٹ کی بالادستی یقینی ہو،جرائم پر قابو پانے کیلئے گلگت میں سیف سٹی پروجیکٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کے تمام مقامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔

پولیس کی آٹومیشن کے حوالے سے بھی کام جاری ہے تاکہ جرائم پر مکمل طور پرقابو پایا جاسکے۔ گلگت بلتستان میں رینجرز کا کردار غیر متنازعہ اور شاندار رہاہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبے میں روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید سیکورٹی کا نظام متعارف کرارہے ہیں تاکہ جرائم کی بروقت روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں