25جولائی کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی‘سینیٹر عثمان خان کاکڑ

پاکستان عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ، عوام نے ووٹ ایک اُمیدوار کو دیا لیکن اس کے ذریعے دوسرے اُمیدوار کا جتایا ‘رہنماء پختونخوا ملی عوامی پارٹی

منگل 14 اگست 2018 12:47

25جولائی کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی‘سینیٹر عثمان خان کاکڑ
رستم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 25جولائی کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ، پاکستان عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ، عوام نے ووٹ ایک اُمیدوار کو دیا لیکن اس کے ذریعے دوسرے اُمیدوار کا جتایا گیا، پاکستانی عوام کے ساتھ ووٹ کی پرچی کی جو طاقت تھی اس حق کو بھی چھینا گیا،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 17لاکھ ووٹ مسترد کردئیے گئے ، آپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں، فارم 45پر دستخط نہیں کرنا، ہزاروں کی تعداد میں بیلٹ پیپرز پولنگ اسٹیشنز کے باہر ملنا، پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے دوران باہر کرانا، ووٹوں پر دوبارہ مہر لگاکر ان کو ضائع کرنا الیکشن نہیں سلیکشن تھا ہم ایسے انتخابات کو نہیں مانتے بلکہ ہم اس کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بریالی ہائوس میں سماجی شخصیت حاجی لیاقت خان بریالی سے ملاقات کے بعد رستم میڈیا کلب کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا، اس موقع پر سابق سینیٹر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا، سابق صوبائی وزیر عبید اللہ جان بابک، سابق ایم پی اے سید لیاقت آغا، سردار حبیب الرحمان، اشرف علی ایڈوکیٹ اورہمایون خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ہمارے اداروں اور حکومتوں نے پختونوں کا استحصال کیا ، 80ہزار گھر اُجاڑ کر15لاکھ پختونوں کو آئی ڈی پیز بنایا، ایک قاتل پولیس آفیسر اپنے گھر کے سب جیل میں جبکہ کروڑوں عوام کا منتخب وزیر اعظم عوامی جیل میں قید ہے، اس ملک کا نظام منتخب نمائندے نہیں بلکہ سیکورٹی ادارے چلارہے ہیں ، عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بنے نہیں ان کو بنایا گیا جو وقت ثابت کریگا، الیکشن میں پریزائیڈنگ آفیسرز اور آر اوز کے اختیارات فوج کے ہاتھوں میں تھے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دھاندلی سے آنے والے حکومتوں کے خلاف آپوزیشن جماعتوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے ٹکٹ ہولڈرز کو لائیں گے جو ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو 25جولائی کے سلیکشن کے بارے میں اپنے اپنے حلقوں کے بارے میں حقائق بیان کریں گے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں