گلگت بلتستان میںخصوصی افرادکاسروے مکمل،حکومت کی طرف سے مراعاتی پیکیج تیارکیاگیاہے،حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 16 اگست 2018 13:40

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان میں خصوصی افراد کا سروے کرایا گیا ہے ابتدائی سروے کے مطابق 8ہزار خصوصی افراد کی لسٹ تیار کی گئی ہے جس کی تصدیق کیلئے نادرا ڈیٹا بیس کے ذریعے بھی مدد لی جائے گی، خصوصی افراد کیلئے مراعاتی پیکیج تیار کیا گیا ہے ایسے خصوصی افراد جو ملازمت کرسکتے ہیں ان کو ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور جو خصوصی افراد ملازمت نہیں کرسکتے ان کے باعزت روزگار کیلئے قرضہ حسنہ دیا جائے گا اور انہیں فنی تربیت بھی دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ ویمن ڈویلپمنٹ عاصم ٹوانہ کی جانب سے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ خصوصی افراد کا وہ طبقہ جو ملازمت اور روزگار بھی کرسکتے ہیں ان کیلئے حکومت گلگت بلتستان وظیفہ مقرر کرے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ گلگت، سکردو اور دیامر میں حکومتی پالیسی کے مطابق مال برداری اور کاروبار کیلئے استعمال کئے جانے والے ریڑھوں کی جگہ جدید الیکٹرک ریڑھے فراہم کئے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 150الیکٹرک ریڑھے دیئے جائیںگے جو مال برداری اور موبائل شاپ کیلئے استعمال ہوںگے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو دستی ریڑھوں کی جگہ جدید الیکٹرک ریڑھے دیئے جائیں گے،محنت کش طبقے کو سروے اور تحقیق کے بعد مفت ریڑھے فراہم کئے جائیں گے جبکہ کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے ریڑھی والوں کو سبسڈائیزڈ قیمتوں پر الیکٹرک ریڑھوں کی فراہمی بہت جلد یقینی بنائی جائے گی۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں