امن دشمن عناصرکو کیفرکردار تک پہنچائیں گے‘ میجر جنرل احسان محمود

پیر 19 نومبر 2018 14:37

امن دشمن عناصرکو کیفرکردار تک پہنچائیں گے‘ میجر جنرل احسان محمود
استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل احسان محمود خان نے تانگیر کا دورہ کیا، تانگیر میں ، علماء کرام، عوام اور مقامی جرگہ کے اراکین سے تفصیلی ملاقاتیں بھی کیں۔فورس کمانڈر کی تانگیر آمد پر عوام نے شتیال کے مقام پر والہانہ استقبال کیا اور ریلی کے شکل میں فورس کمانڈرکو تانگیر پہنچادیا اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔

تانگیرمیں فورس کمانڈر نے مصروف ترین دن گزارا فورس کمانڈر نے تانگیر کے آخری گائوں کرنگے تک پیدل مارچ کیا اور جگہ جگہ عوام سے گھل مل گئے اور عوامی مسائل سنے۔تانگیر انٹر کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جزل احسان محمود خان نے کہا کہ تانگیر کے چپے چپے میں محبت دیکھ کر دل خوش ہوا دیامر اور تانگیر کے پتھروں میں بھی محبت بھری داستان موجود ہے۔

(جاری ہے)

وادی تانگیر دوسرے علاقوں کیلئے امن کی مثال ہے لیکن چند امن دشمن عناصر اس علاقے کی امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن تانگیر کی محب وطن عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ،عوام شرپسندوں کا بائیکاٹ کریں ،ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شرپسند خود کو سرنڈر کریں۔ عمائدین تانگیر نے اس موقع پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر شرپسندی کے خلاف جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔تقریب سے پہلے جرگہ کے اراکین نے فورس کمانڈر اور دیگر مہمانوں کو روائتی تحائف بھی پیش کیئے۔ فورس کمانڈر آج داریل میں عوامی مسائل سنیں گے اور جرگہ کے اراکین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں