حکومت گلگت بلتستان نے نیشنل لاجسٹک سیل کے تعاون سے فنی تربیتی کورسز کا آغاز کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ

بدھ 24 اپریل 2019 13:21

حکومت گلگت بلتستان نے نیشنل لاجسٹک سیل کے تعاون سے فنی تربیتی کورسز کا آغاز کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے نیشنل لاجسٹک سیل(این ایل سی) کے تعاون سے فنی تربیت کیلئے خصوصی کورسز کا آغاز کیا ہے جس سے گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل شعبے میں درکار سٹاف کی کمی پوری ہوگی اور عوام کو روزگار کے مواقع میسرآئیں گے، محکمہ تعمیرات اوربرقیات کے ٹیکنیکل سٹاف کی بھی ٹریننگ کرائی جارہی ہے، مختلف شعبوں میں فنی تربیت کے پروگرام کیلئے اے ڈی پی میں خصوصی پروجیکٹ رکھا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کمانڈر این ایل سی گلگت بلتستان برگیڈیئر محمد اقبال سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ عوام کو براہ راست روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے فنی تربیتی کورسز کا آغاز کیا گیا ہے، اس سلسلے میں گلگت اور سکردو میں خواتین کیلئے بھی فنی تربیت کے سنٹرز قائم کئے جائیں گے جبکہ شارٹ کورسز کے علاوہ این ایل سی کے تعاون سے پولی ٹیکنکل کالج کی باقاعدہ کلاسز کا اجراء کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے جس کے لئے سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری تعلیم اور این ایل سی کے متعلقہ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی کاغذی کارروائی مکمل کرکے متعلقہ فورم میں منظوری کے لئے پیش کرے گی ۔

(جاری ہے)

حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ حکومت گلگت بلتستان نے اپنے وسائل سے خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے وویمن کیمپس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے واپڈا کی جانب سے کئے جانے والے سی بی ایمز پر عملدرآمد میں تاخیر سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جس پر چیئرمین واپڈا سے بات کی گئی ہے کہ وہ سی بی ایمز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ صوبائی حکومت این ایل سی کے تعاون سے ہربن داس چلاس میں بھی فنی تربیتی مرکز کے قیام کے لئے اقدامات کرے گی جس کے لئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بروقت تعمیر این ایل سی کی جانب سے اچھا اقدام ہے، سیوریج کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان اپنے وسائل سے مرحلہ وار اس منصوبے کو مکمل کرے گی جبکہ کابینہ اجلاس میں مین ٹرنک اور ڈرین ایج کی منظوری دی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کارڈک ہسپتال اور نلتر ایکسپریس وے پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے این ایل سی کی کارکردگی کو سراہا اورہدایت کی کہ گلگت علامہ اقبال ٹائون (کنوداس) آر سی سی پل تا چھلمس داس تک ایکسپریس وے کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے اور پہلے مرحلے میں اسے تعمیر کیا جائے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں