جماعت اسلامی پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں کشمیر بچاؤ مارچ کررہی ہے‘ مشتاق احمد ایڈوکیٹ

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) جماعت اسلامی کے امیر مشتاق احمد ایڈوکیٹ نے کشمیر بچاؤ مارچ کے حوالے سے دفتر جماعت اسلامی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں کشمیر بچاؤ مارچ کررہی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ 70 سالوں سے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کشمیر بچاؤ تحریک دراصل گلگت بلتستان کیلئے ہی ہے۔

کیونکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا گلگت بلتستان کو مستقل آئینی حقوق ملنا ناممکن ہے۔ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے، پاکستان کی سالمیت اور گلگت بلتستان کا مستقبل مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے، گزشتہ 45 روز سے ظالمانہ کرفیو کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے خوردنی کی کمی کے باعث بوڑھے، بچے اور خواتین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے باز آئیں۔انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے اٹھ کھڑا ہے، ایسے میں گلگت بلتستان کے عوام بھی کشمیر کو بچانے اور وہاں پر بھارت کے ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہونگے۔انہوں نے کہا کہ 3 اکتوبر کے دن گلگت بلتستان کے عوام کشمیر کو بھارت کے چنگل سے آزاد کرانے اور عالمی ضمیر کوجھنجھوڑنے کیلئے سراج الحق کی قیادت میں سراپا احتجاج ہونگے۔

اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع گلگت مولانا تنویر حیدری، امیر جماعت اسلامی ضلع استور نعمت اللہ خان، قیم جماعت اسلامی گلگت بلتستا ن اسماعیل شریعت یارسمیت دیگر زمہ داران نے بھی کشمیر بچاو مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان کو بریفنگ دی اور کہا کہ اس سلسلے میں ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، رائے عامہ کو ہموار کیا جا رہا ہے تاکہ کشمیر بچاو مارچ میں عوام کی بھر پور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں