بلتستان یونیورسٹی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تحت ماحولیاتی شعور پروگرام کا انعقاد

بیالوجیکل سائنس اورڈبلیو ڈبلیو ایف کے باہمی اِشتراک سے منعقدہ پروگرام میں ڈیزائننگ اور پریزینٹیشن کا مقابلہ کا انعقاد

پیر 14 اکتوبر 2019 18:40

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) بلتستان یونیورسٹی اور ورلڈ وائلڈ لائف فنڈکے باہمی اِشتراک سے حسین آباد رنگا میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس کا مقصد ماحولیاتی شعور کو اٴْجاگر کرنا تھا۔ پروگرام میں شعبہ بیالوجیکل سائنس کے صدر ڈاکٹر غلام رضا،ڈاکٹر علمدار حسین، ڈاکٹر سالار علی اور سارہ بانو سمیت اِسی شعبہ کے طلباء وطالبات، وویمن ڈگری کالج کی طالبات اور بوائز ڈگری کالج کے طلباء نے شرکت کی۔

پروگرام کے منتظمین ڈاکٹر علمداراور ڈاکٹر سالار کے مطابق طلباء و طالبات کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نہ صرف ہمارے روز مرہ کے اٴْمور متاثر ہورہے ہیں بلکہ ہمارا سیارہ (زمین) بھی مسلسل حالتِ تغیر میں رہتا ہے۔ طلباء و طالبات کو اِس بات کا احساس دلایا گیا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے ہر پہلو پر گہری نگاہ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہم زمین کے تحرک سے ناآشنا رہے اور بدلتی صورتِ حال کو قابل توجہ نہ گردانا تو یقیناً ہم غفلت کے مرتکب ہوں گے جس کا خمیازہ ہماری آنے والی نسل بھگتے گی۔ طلباء و طالبات بنیادی طور پر معاشرے کے سفیر ہوتے ہیں، اٴْن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ معاشرہ سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ دریں اثناء پروگرام میں ڈیزائننگ اور پریزینٹیشن کا ایک مقابلہ بھی رکھا گیا جس میں شعبہ بیالوجیکل سائنس کے طلباء و طالبات ، ویمن ڈگری کالج کی طالبات اور بوائز ڈگری کالج کے طلباء نے حصہ لیا۔

شعبہ بیالوجیکل سائنس کے گروپ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، وویمن ڈگری کالج نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور شعبہ بیالوجیکل سائنس کے ہی گروپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پوزیشنز حاصل کرنے والے گروپ کو نقد انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ پروگرام کے آخر میں منتظمین ڈاکٹر علمدار اور ڈاکٹر سالار نے تمام شرکاء کا خصوصاً ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ذمہ داران اور بیالوجیکل سائنس کے صدر ڈاکٹر غلام رضا کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اِس طرح کے پروگرام منعقد کرانے کی اٴْمید ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں