عمران خان یکم نومبر کو گلگت میں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے

وزیراعظم گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،گلگت بلتستان کے عوام کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کابھی اعلان کریں گے،وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور

بدھ 30 اکتوبر 2019 18:36

عمران خان یکم نومبر کو گلگت میں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے
چلاس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان یکم نومبر کو گلگت میں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کا یوم آزادی کا دن ہے اور وزیراعظم پاکستان اس موقع کی مناسبت سے خصوصی طور پر گلگت بلتستان کی عوام سے خطاب کریں گے۔

انہوںنے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد جلسے میں شرکت کر کے اپنے قائد کو خراج تحسین پیش کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کابھی اعلان کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیںانہوںنے کہاکہ وزیراعظم گلگت بلتستان میں سیاحت اور منرلز کے شعبے کی ترقی کو ایک نئی جدت دینا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کا یہ خطہ نہ صرف معاشی طور پر خود کفیل بن سکے بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی کا بیس کیمپ بن کر سامنے آئے ۔

(جاری ہے)

علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ وزیر اعظم کی دیانتدار قیادت پر بھرپور اعتماد کے باعث متعدد بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیاں گلگت بلتستان میںخصوصی سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سی پیک کے بیس کیمپ ہونے کے ناتے اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بے پناہ صلاحیت کی بدولت گلگت بلتستان کی ترقی وخوشحالی کے بڑے روشن امکانات ہیںاور تحریک انصاف کی حکومت ان صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا کر گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی و خوشحالی کی نئی منازل سے روشناس کرائے گی۔

وفاقی وزیر وزیر اعظم عمران خان کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی طورپر گلگت پہنچ رہے ہیں ۔ اس موقع پر وہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوںپر پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے اور تحریک انصاف کے کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔دریں اثنا گلگت کے راستے میں پٹن لوئر کوہستان میں بلین ٹری منصوبے کے تحت انہوںنے دیودار کا درخت بھی لگایا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں