محکمہ برائے تحفظ ماحولیات گلگت بلتستان کے زیر اہتمام فضائی آلودگی سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد

جمعرات 5 دسمبر 2019 21:55

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) محکمہ برائے تحفظ ماحولیات گلگت بلتستان کے زیر اہتمام فضائی آلودگی سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے جمعرات کو کرنل احسان علی روڈ سے پی آئی اے لنک روڈ تک ریلی نکالی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں ورکشاپس میں کام کرنے والے کاریگروں اور مزدوروں نے بھی شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ برائے تحفظ ماحولیات گلگت بلتستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید منور حسین نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول ہی بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔

ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں بہتر اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے ٹائر ٴْ آئل فلٹر اور پلاسٹک سے بنی ہو ئی دیگر اشیا ء کے جلانے سے خارج ہونے والا دھواں انسانی زندگیوں کے لیے ِخطرناک ہے اور گلے آنکھ دل اور سانس کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح جنریٹرز اور دیگر مکینکل آلات سے پیدا ہونے والا شور ذہنی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ لہذا شور اور دھواں پیدا کرنے والی چیزوں کا استعمال کم سے کم کیا جائے یا پھر ان آلات کی بروقت ٹیونگ اور فلٹر لگا کر شور اور دھویں کو کنٹرول کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ شور اور دھواں پیدا کرنا ماحول سے متعلق قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ ان عوامل کی نگرانی کرنے میں محکمے کا ساتھ دیں اور محکمے کو بروقت اطلاع دیں تاکہ ایسے عوامل کے خلاف قانون برآئے تحفظ ماحول 2014کے تحت کاروائی کی جاسکے۔

آگاہی ریلی سے صدر انجمن تاجران و آٹو پارٹس اینڈ مکینکل ورکس کے صدر کمیل عباس اور جنرل سکرٹری ارباب نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضائی آلودگی اور شور کی روک تھام کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں امید ہے کہ فضائی آلودگی اور شور کے روک تھام کے لیے عوام بھی تعاون کرینگے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں