پیپلزپارٹی کارکنان کا انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین نے گلگت، دیامر، سکردو کے مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں، ایک سرکاری دفتر اور4 سرکاری گاڑیاں نذرآتش، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، پولیس نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 نومبر 2020 18:37

پیپلزپارٹی کارکنان کا انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ
گلگت (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 نومبر2020ء) پیپلزپارٹی کے کارکنان نے انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں، جبکہ ایک سرکاری دفتر اور 4 سرکاری گاڑیاں بھی جلا دیں، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کی، ڈی آئی جی گلگت ریجن وقاص احمد نے کہا کہ شرپسندی میں 20 سے 25 افراد ملوث ہیں کچھ لوگوں کو شناخت کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے کارکنان نے جی بی اے 2 گلگت 2 کے انتخابی نتائج میں دھاندلی پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ریورویو روڈ سمیت مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں، مظاہرین نے ایک سرکاری دفتر اور چار سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس پر حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے، مظاہرین نے الیکشن کمشنر کے دفتر کا گھیراؤ بھی کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح انتخابی نتائج میں دھاندلی کیخلاف دیامر میں پیپلزپارٹی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے۔مظاہرین نے صدیق اکبر چوک میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ہے۔سکردو میں دھاندلی کیخلاف پیپلزپارٹی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور سڑکیں بلاک کردیں۔ ڈی آئی جی گلگت ریجن وقاص احمد نے کہا کہ حالات کنٹرول میں ہیں ، دوبارہ خراب ہوئے تو کرفیو لگایا جاسکتا ہے، شرپسندی میں 20سے 25افراد ملوث ہیں، سی سی ٹی وی کی مدد سے کچھ لوگوں کو شناخت کرلیا ہے۔

دوسری جانب  ترجمان چیئرمین پیپلزپارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ جی بی میں حالات خراب ہوئے تو ذمہ دارچیف الیکشن کمشنراور وفاقی حکومت ہوں گے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کا الیکشن چوری کرنے کے بعد اب تشدد پر اتر آئی ہے۔ ووٹ چوری ہونے کیخلاف پرامن احتجاج پر فائرنگ اور شیلنگ کی جارہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے فرانزک سے قبل حلقہ 2 کا رزلٹ دے کرمعاہدے کی خلاف ورزی کی۔

مصطفیٰ نواز نے کہا کہ پُرامن مظاہرین پرتشدد کروا کر وفاقی حکومت حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔ کیسے ممکن ہے ووٹ پیپلزپارٹی کے زیادہ ہوں اور زیادہ نشستیں پی ٹی آئی کو مل جائیں؟ لوگ اس فاشسٹ حکومت کو اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوارکو جتوانے کیلئے الیکشن کمیشن کا رکارڈ تک غائب کردیا گیا۔ اسی طرح مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمشنر جس طرح کی پریس کانفرنس کر رہا تھا، شام کو کسی وزیر کے گھر ہوتے ہو، اگلے دن کسی اور کے گھر ہوتے ہو، اس کا اشتعال کا نتیجہ تو نکلنا تھا، میں آگ کے واقعے کو اچھا نہیں کہوں گا، یہ آگ الیکشن کمشنر کی پریس کانفرنس کا نتیجہ ہے۔ 

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں