پی ڈی ایم کے رہنما چوری بچانے کے لئے جلسے کررہے ہیں، صحت کارڈاور احساس پروگرام کا دائرہ کار گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے گا،

سیاحت کے فروغ کے لئے سستے قرضے دیئے جائیں گے، ہائیڈرو الیکٹرک کے ساتھ خصوصی اقتصادی زون بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان

بدھ 2 دسمبر 2020 14:36

پی ڈی ایم کے رہنما چوری بچانے کے لئے جلسے کررہے ہیں، صحت کارڈاور احساس پروگرام کا دائرہ کار گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے گا،
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  پی ڈی ایم کے رہنما  اپنی چوری بچانے کے لئے جلسے کررہے ہیں، یہ چوری کا پیسہ بچانے کے لئے کبھی جیلوں میں جاتے ہیں اور کبھی بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں، ان کی اولادوں کو بھی جھوٹ پہ جھوٹ بولنے پڑ رہے ہیں، عوامی نمائندے پیسیہ کمانے کی بجائے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور گلگت بلتستان کے عوام کی زندگیاں بدلنے کے لئے اپنی کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور گورننس کا اعلیٰ معیارقائم  کریں، صحت کارڈاور احساس پروگرام کا دائرہ کار گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے گا، سیاحت کے فروغ کے لئے سستے قرضے دیئے جائیں گے، ہائیڈرو الیکٹرک کے ساتھ خصوصی اقتصادی زون بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ  کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی کابینہ اور وزیر اعلیٰ کو ان کے انتخاب پر مبارکباد د ی اور اس توقع کا اظہار کیاکہ گلگت بلتستان میں ایسی حکومت ہو گی جو ایک معیار قائم کرے گی اورایک نئی روایت ڈالے گی اورگورننس کا  ایسا بہترین نظام قائم کرے گی جس سےگلگت بلتستان کے عوام کی زندگیاں بدل جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے  گلگت بلتستان کا علاقہ دیکھا ہے اور اس سے واقف ہوں،اس وقت سے یہاں آرہا ہوں جب قراقرم ہائی وے بھی نہیں تھی۔ میں اس علاقے کے مسائل اور اس میں موجود پوٹینشل سے آگاہ ہوں۔ ہماری حکومت گلگت بلتستان کو ایسی سمت میں گامزن کرے گی جس سے عوام کی زندگیاں بدل جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام کاحساس محرومی دور کرنے کے لئے صوبائی سٹیٹس دیں گے  کیونکہ یہاں کے نوجوانوں اور عوام میں احساس تھا کہ وہ برابر کے شہری نہیں ہیں اس لئے ہم نے نیا سیٹ اپ بنایا ۔

اس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو صوبے کی حیثیت کے حوالے سے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب سسٹم وہ ہوتا ہے جس میں عوام اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار رکھتے ہوں اور اپنے لئے خود منصوبے بنائیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ ہم ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں جس میں کمزور طبقے کو اوپرا ٹھانا ریاست کی اولین ترجیح ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لئے ہم نے ے پاکستان کی تاریخ میں غربت کے خاتمے کا سب سے بڑا احساس پروگرام شروع کیا ہے۔

گلگت بلتستان کے عوام کے لئے انصاف صحت کارڈ متعارف کروا رہے ہیں۔ صحت کارڈ سے 10 لاکھ تک مفت علاج کروانے کی سہولت میسر ہو گی کیونکہ بیماری کی صورت میں غریب گھرانے مقروض ہو جاتے ہیں اور علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ صحت کارڈ کے اجرا کے بعد گلگت بلتستان کے شہری بھی کسی بھی ہسپتال سے مفت علاج کرا سکیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا  کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

کورونا کی وجہ سے گزشتہ گرمیوں میں سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔ سیاحت کے فروغ کےلئے سستے قرضے دیئے جائیں گے اور لوگ اپنے گھروں کے ساتھ گیسٹ روم بناسکیں گے۔ اس سے سیاحت کو بھی فروغ ملے گا آمدن کا  ذریعہ بھی میسرآئے گا۔ وزیراعظم نے  کہا کہ سکی انگ  کے فروغ سے سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ گلگت بلتستان میں سکی انگ کابہت سکوپ ہے۔ یہا ں سکی انگ  کے لئے سہولیات مہیا کریں گے جس سے بیرون ملک سے بھی سیاح سردیوں میں بھی ان علاقوں میں آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  سکردو میں250 بیڈکاہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ اسے مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں ہائیدرو الیکٹرک کے ساتھ خصوصی اقتصادی زون بنائیں گے۔ پانی سے بجلی پیدا کرنے کے 6بڑے سٹیشن لگائیں گے۔ اس کےعلاوہ  خیبر پختونخوا کی طرح مائیکرو ہائیڈل سٹیشن بھی بنائے جائیں گے ۔ سولر توانائی  کی سہولیات بھی مہیا کریں گے تاکہ تمام علاقوں تک بجلی پہنچ سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کا ویژن ہے کہ نچلے طبقے کو اوپر اٹھایا جائے۔ مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر  عمل کرتے ہوئے غریب طبقے کی زندگیوں کو میں بہتری لانا ہمارا مشن ہے۔ محدود وسائل کے باوجود رسول ﷺ نے غربیوں کی دادرسی کی کیونکہ انسانیت کی مدد کرنے سے اللہ خوش ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  لیڈر شپ کی خصوصیات میں صادق اور آمین ہونا ضروری ہے ۔

حضور نبی کریمﷺ کے بعد قائد اعظم محمد علی کو میں اپنا لیڈر مانتا ہوں کیونکہ وہ بھی صادق اور امین تھے۔ قائداعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے جو لوگوں کو سمجھ بھی نہیں آتی تھی لیکن انہیں یقین ہوتا تھا کہ وہ جو بھی بات کررہے ہیں وہ سچ ہے۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان  کابینہ  کے ارکان کو تاکید کی کہ وہ صادق اور امین بنیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی صلاحتیوں اور کوششوں کو بروئے کار لائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے نیب کاسربراہ بھی اپنی پسند کارکھا اور مک مکا کرلیا لیکن ان کی چوری پاناما لیکس  کی صورت میں سامنے آئی۔ پیسہ چھپانے کے لئے جھوٹ پہ جھوٹ بولنا پڑتے ہیں۔ حرام کا پیسہ کمانے والوں اور ان کی اولادوں کے لئے بھی تباہی لے کر آتا ہے۔ زرداری اور شریف خاندان کو 40 سال سے جانتا ہوں۔چوری کاپیسہ بچانے کے لئے یہ کبھی جیلوں میں جاتے ہیں اور کبھی سعودی عرب اور کبھی لندن بھاگ جاتے ہیں۔

ان کے بچوں کو بھی اپنی جائیدادوں اور حرام کے پیسہ کی وجہ سے جھوٹ پہ جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے۔ پی ڈی ایم والے اپنی چوری بچانے کے لئے جلسے کررہے ہیں اور انہیں ذرابھی پرواہ نہیں کہ ان کے جلسوں سے کورونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے اور اموات بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایک ہارڈ ٹاک انٹرویو میں ذہنی دبائو کی وجہ سے شکل دیکھنے والی تھی اور وہ ساری دنیا کے سامنے جھوٹ پہ جھوٹ بولے جارہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی خدمت کریں گے تو اللہ بھی خوش ہو گا اور عوام بھی دعائیں دیں گے۔ عوام کی خدمت کرنے سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ پیسے سے نہیں مل سکتی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاق گلگت بلتستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی  پوری مدد کرے گا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں