گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس،

محمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹینئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ کے قیام ، بیوہ کو30لاکھ روپے امدا د دینے کی منظوری

منگل 23 فروری 2021 15:56

گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس،
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2021ء) وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید  نے کہا  ہے کہ محمد علی سدپارہ نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا،انہوں نے  محدود وسائل اور خطرات کے باوجود کوہ پیمائی کے شعبے کا انتخاب کیا ، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا  اور کوہ پیمائی کو فروغ دینے اور کوہ پیماؤں کی فلاح وبہبود کیلئے پالیسیز بنائی جائین گی۔

منگل کوکابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ   محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ کو کوہ پیمائی میں بین الاقوامی سطح کی تربیت دلوئی جائے گی جس کے  بعدمحمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ میں کوہ پیمائی کی تربیت دیگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ کوہ پیمائی سے وابستہ  ایسے تمام ہمارے گمنام ہیروز جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود گلگت بلتستان کا نام روشن کیا ان سب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ہمارے کوہ پیماؤں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور تربیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے محمد علی سدپارہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے محمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی ہے کہ شکر تا پیچھو شاہراہ کی توسیع و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔

کابینہ اجلاس میں محمدعلی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی کابینہ کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ جاوید علی منوا، مشیر قانون سہیل عباس اور مشیر خوراک شمس لون پر مشتمل کمیٹی  محمد علی سدپارہ کے گھر جاکر ان کے  ورثا سے اظہار ہمدردی کریں گے اور بہت جلد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خود بھی محمد علی سدپارہ کے گھر جائیں گے اور ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کریں گے۔

کابینہ اجلاس میں محمد علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی پیکیج کی منظوری دی گئی۔گلگت بلتستان کابینہ نے محمد علی سدپارہ کے نام سے منصوب ''محمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ کے قیام کی منظوری دے دی "۔محمد علی سدپارہ کے بیٹے کو قابلیت کے مطابق محکمہ سیاحت و کھیل گلگت بلتستان  میں موزوں ملازمت دینے کا اعلان، محمد علی سدپارہ کو اعلیٰ سول ایواڈ کیلئے نامز دکیا گیا۔محمد علی سدپارہ کی بیوہ کو30لاکھ روپے مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی۔\932

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں