سول ایوی ایشن اتھارٹی کا عملہ حادثات کے دوران امداد کے لئے ہمہ وقت تیار ہے‘آفتاب علی خان

منگل 16 اکتوبر 2018 13:43

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے گلگت ائیر پورٹ میں مشقیں منعقد ہو ئیں جس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی‘ ہلال احمر‘محکمہ صحت‘ فائر بر گیڈ‘ سول ڈیفنس‘ پی آئی اے اور ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز اور طبعی عملے نے شرکت کی۔اس موقع پر حادثات کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں کی گئیں۔

ائیر پورٹ کے ایک حصے میں لکڑیوں کے ٹال پر آگ لگا ئی گئی جس کے آس پا س کچھ افراد زخمی حالت میں پڑے ہوئے تھے۔ مشقوں میں حصہ لینے والے فائر فائٹرز نے حادثہ رونما ہونے کے صرف دو منٹ بعد ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا جبکہ طبعی عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبعی امدادفراہم کر کے ہسپتالوں کو منتقل کیا۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی گلگت ائیر پورٹ کے منیجر آفتاب علی خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی پورے پاکستان کے ائیر پورٹس میں ہر دو سال بعد فل سکیل ایمرجنسی فائر ریسکیو ایکسر سائز کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس ایکسر سائز سے آپریشنل تیاری میں مدد ملتی ہے۔ ان مشقوں میں مختلف اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاری کو چیک کیا خدا نہ کرے کسی بھی وقت کوئی بھی حادثہ ائیر پورٹ یا باہر رونما ہونے کی صورت میں مشترکہ طور پر فوری طور پر ایکشن لیا جا سکتا ہے اور تمام اداروں کی کارکر دگی اطمینان بخش رہی۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا عملہ حادثات کے دوران امداد کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور ڈی جی کا بھی حکم ہے کہ کسی بھی صورتحال کے دوران امداد فراہم کرنا ہے۔چاہے ائیر پورٹ ہو یا باہر کوئی حادثہ رونما ہو جائے تو سول ایوی ایشن اتھارٹی فوری طور پر رسپانڈ کرنے کے لئے تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں